ممبئی، 16 فروری (یواین آئی) گھریلو شیئر بازاروں میں پیر کو تیزی لوٹ آئی اور بی ایس ای کا 30 حصص والا حساس اشاریہ سینسیکس 650.39 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 83,277.15 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی-50 اشاریہ 211.65 پوائنٹس یعنی 0.83 فیصد کی تیزی کے ساتھ 25,682.75 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دوسرے ایشیائی بازاروں سے ملے منفی اشاروں کی وجہ سے ابتدائی کاروبار میں گھریلو بازاروں میں گراوٹ تھی، لیکن یورپی بازاروں میں تیزی رہنے سے بعد میں سرمایہ کاروں کا رجحان مضبوط ہوا۔ اس سے آج سینسیکس میں 1,057 پوائنٹس کا بڑا اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ یہ نیچے 82,277 پوائنٹس اور اوپر 83,333 پوائنٹس تک گیا۔ مڈ کیپ اور اسمال کیپ کمپنیوں میں بھی خریداری مضبوط رہی۔ نفٹی مڈ کیپ 50 انڈیکس میں 0.38 فیصد اور اسمال کیپ 100 انڈیکس میں 0.48 فیصد اضافہ ہوا۔