گردوارہ صاحب امیر پیٹ کی جانب سے خالصہ پنتھ فاؤنڈیشن تقاریب

   

حیدرآباد۔14 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سکھوں نے انتہائی عقیدت اوراحترام کے ساتھ خالصہ پنتھ فاؤنڈیشن ڈے تقاریب کا اہتمام کیا۔ خالصہ پنت فاؤنڈیشن ڈے کو وائساکھی فیسٹول کے طورپر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر جلوس کا اہتمام کیا گیا جس میں نوجوانوں نے اپنی بہادری کے مظاہرے کئے ۔ گربانی اور کیرتن کے ساتھ یہ جلوس نکالا گیا ۔ گردوارہ صاحب امیر پیٹ میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ صدر گردوارہ کمیٹی ایس بھاگیندر سنگھ اور سکریٹری سریندر سنگھ کے مطابق گردوارہ میں 25 ہزار سے زائد افراد نے مختلف تقاریب میں حصہ لیا۔ صبح 11.30 بجے سے شام 5.00 بجے تک مختلف پروگرام منعقد کئے گئے ۔ ملک کے مختلف حصوں سے خصوصی طور پر مدعو شخصیتوں نے گربانی اور کیرتن پیش کیا۔ دہلی اور دیگر مقامات سے مذہبی شخصیتوں نے حصہ لیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ گروگرنتھ صاحب کی تعلیمات پر عمل کریں جو قومی یکجہتی ، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر مبنی ہے۔ کمیٹی کی جانب سے یاتریوں کا استقبال کیا گیا۔ گردوارہ صاحب امیر پیٹ سے شام میں جلوس نکالا گیا جو گرین لینڈس ، بیگم پیٹ اور پنجہ گٹہ سے ہوکر گردوارہ واپس ہوا۔ خوبصورت سجی سجائی گاڑی میں گرو گرنتھ صاحب کو رکھا گیا ۔ سکھ نوجوانوں نے تلوار اور دیگر کرتب کے مظاہرے کئے ۔ بیساکھی کیرتن دربار پروگرام 15 اپریل کو گرو گوئند سنگھ اسپورٹس اسٹیڈیم امیر پیٹ میں منعقد ہوگا۔ ر