واشنگٹن ۔ 5 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) وہ تمام 130 طلباء جن میں 129 ہندوستانی ہیں جنھیں امریکہ میں ایک فرضی یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے جرم میں گرفتار کیا گیاہے ، ان تمام کو اس بات کا علم تھا کہ وہ ایسا کرتے ہوئے جرم کا ارتکاب کررہے ہیں تاکہ اُنھیں امریکہ میں ہی قیام کرنے کا موقع مل جائے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت جاری کیا گیا ہے جب طلباء کی حمایت میں ایسے بیاات دیئے جارہے تھے کہ اُنھیں فرضی یا جعلی یونیورسٹی کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا اور وہ معصوم اور بے قصور ہیں۔ یاد رہے کہ ہندوستان نے نئی دہلی میں واقع امریکی سفارتخانہ کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے ہندوستانی طلباء کی گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی (طلباء ) سفارتی رسائی کا مطالبہ کیا تھا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ تمام طلباء کو گزشتہ ہفتہ یو ایس ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکوریٹی (DHS) نے امریکہ میں ہی مبینہ قیام کے ارادے سے یونیورسٹی آف فرمنگٹن میں داخلہ لیا تھا ۔ مذکورہ جعلی یونیورسٹی کا قیام ڈی ایچ ایس کے تحقیقاتی یونٹ گریٹر ڈیٹرائٹ میں کیا تھا تاکہ ’’پے اینڈ اسٹے‘‘ ریاکٹ کو بے نقاب کیا جاسکے ۔