گرفتار مسلم نوجوانوں پر لگائے گئے الزامات پر عدالت سے جلد فیصلہ سنانے کا مطالبہ

   

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم مجلس کے قومی صدر پروفیسر ڈاکٹر بصیر احمد خاں نے اے ٹی ایس کے ذریعے گرفتار مسلم نوجوانوں پر بم بنانے کے الزامات عائد کرنے کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں عدالت جلد فیصلہ کرے اور اگر وہ گنہگار ہے تو سزا ملے اور بے قصور ہے تو رہائی ملے ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اے ٹی ایس سے مطالبہ کیا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے سادھو کو گرفتار کیا جائے ۔انہوں نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ جب بھی اس سلسلے میں کسی کی گرفتاری ہوتی ہے تو اسے دہشت گرد بناکر پیش کردیا جاتا ہے جب کہ اس بارے میں فیصلہ عدالت کرے گی لیکن دہشت گردی کے الزام میں گرفتار بہت سے مسلم نوجوانوں کو کئی سال تک جیل میں رہنے کے بعد عدالتوں نے ثبوت نہ ہونے کے باعث رہا کردیا ہے ۔ اس وقت تک ان کی زندگی کے قیمتی سال بے قصورقید ہونے کے باعث برباد ہوجاتے ہیں اور بڑی تعداد میں آج بھی جیلوں میں بند ہیں ۔