گرل فرینڈ نے ماں کیلئے بوائے فرینڈ کا گردہ لیا شادی کسی اور سے کرلی

   

میکسیکو سٹی۔ میکسیکو کے رہنے والے اوزیل مارٹینز کا دعویٰ ہے اس نے اپنی گرل فرینڈ کی بیمار ماں کو اپنا ایک گردہ عطیہ کیا لیکن اس کی گرل فرینڈ نے ماں کے صحتیاب ہوتے ہی مارٹینیز کو ٹھینگا بتاتے ہوئے کسی دوسرے شخص سے شادی کرلی۔ مارٹینیز جو پیشہ سے اسکول ٹیچر ہے اس کا یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ محبت میں لوگ اپنی حدوں سے گذر جاتے ہیں لیکن اوزیل مارٹینیز ایسا شخص ہے جس نے اپنی گرل فرینڈ کی ماں کی جان بچانے اپنا ایک گردہ عطیہ دے دیا کیونکہ دونوں کا بلڈ گروپ ایک ہی تھا۔ لیکن بیچارہ مارٹینیز! اسے پتہ ہی نہیں تھا کہ اس کی گرل فرینڈ اندرون ایک ماہ اسے دھوکہ دیکر کسی اور سے شادی کرلے گی۔ مارٹینیز کو اس بات کا دکھ ہے کہ اس نے اپنا گردہ بغیر کسی غرض کے عطیہ کیا لیکن اس بے غرضی کا صلہ اسے خود غرضی سے ملا۔ یہ ویڈیو ٹک ٹاک پر وائرل ہوچکا ہے۔ مارٹینیز نے کہا کہ اب اس کے پاس صرف ایک ہی گردہ ہے اور وہ اب بھی صحت مند ہے لیکن دل ٹوٹنے سے اسے بہت دکھ پہنچا۔ مارٹینیز کے چاہنے والوں نے اسے مشورہ دیا کہ آئندہ ایسی فاش غلطی نہ کرنا جس پر مارٹینیز مسکراکر کہتا ہے کہ ہر انسان کے پاس دو گردے ہوتے ہیں۔ اب اس کے پاس صرف ایک گردہ ہے جو اسے زندہ رکھنے کے لئے کافی ہے۔