گرل فرینڈ کی خاطر ہوائی جہاز کے اغوا کی دھمکی مہنگی پڑی

,

   

ممبئی کے تاجر کو 5 کروڑ روپئے کا جرمانہ ، عمر قید کی سزا
احمدآباد۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے کی ایک خصوصی عدالت نے سہ شنبہ کو ممبئی کے ایک تاجر کو عمر قید کی سزا سنائی اور اس پر 5 کروڑ روپیوں کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ اس تاجر نے اکتوبر 2017ء میں جیٹ ایرویز کے مسافر بردار ہوئی جہاز میں اسے یرغمال بنانے کی تحریری دھمکی دی تھی۔ این آئی اے کے خصوصی جج کے ایم دیو نے بتایا کہ بزنس مین برجو سالا پر عائد کردہ جرمانہ کی رقم مذکورہ طیارے کے مسافرین اور عملے میں تقسیم کی جائے گی۔ سلا پر الزام ہے کہ انہوں نے اردو اور انگریزی میں مسافر بردار جیٹ طیارے کے اغوا کی تحریر بیت الخلاء کے ایک ٹشو پیپر پر لکھ کر جہاز کے عملے اور مسافروں کو خوف زدہ کردیا۔ یہ واقعہ 30 اکتوبر 2017ء کو پیش آیا۔ اس واقعہ کے بعد سلا ہوائی جہازوں کی کسی بھی پرواز میں سفر نہ کرنے والے پہلے قومی آدمی بن گئے۔ انہیں کسی بھی قومی ہوائی جہاز میں سفر کی اجازت کے عدم حاملین کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ ہندوستان کو پہلے شہری ہیں جن پر ہوائی جہاز کے انسداد، اغوا کے ایکٹ کے سخت قانون کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے اپنے جرم قبول کرلیا اور تحقیقاتی ایجنسی کو بتایا کہ انہوں نے یہ حرکت اس امید میں کی تھی کہ اس سے جیٹ ایرویز مجبور ہوکر دہلی سے اپنی پروازیں بند کردے گی اور ان کی گرل فرینڈ جو اس ایرلائینز میں کام کرتی ہے، واپس ممبئی لوٹ آئے گی۔