حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) مرکزی سکریٹری محکمہ صحت راجیش بھوشن نے ملک کی تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے گرمی کی شدت سے نمٹنے اور گرمی سے متعلق امراض کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ملک کے بعض علاقوں میں گرمی کی شدت اور درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے اور جاریہ سال بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا۔ مرکزی محکمہ موسمیات کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سکریٹری صحت نے گرمی سے متعلق بیماریوں کیلئے تیار کردہ قومی ایکشن پلان سے واقف کرایا اور کہا کہ وزارت صحت کی ویب سائیٹ پر ایکشن پلان موجود ہے۔ چیف سکریٹریز کو مشورہ دیا گیا کہ وہ ہر ضلع میں عہدیداروں تک اسے پہنچائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیں۔ یکم مارچ سے درجہ حرارت پر مسلسل نظر رکھی جائے۔ اس کے علاوہ گرمی سے متعلق بیماریوں کا جائزہ لیا جائے۔ ہر ریاست کو اپنے طور پر اقدامات کرنے چاہیئے۔ مرکز کے صحت سے متعلق اداروں کی جانب سے وقتاً فوقتاً رہنمایانہ خطوط جاری کئے جارہے ہیں اور گرمی کے اعتبار سے آئندہ چند دن اہمیت کے حامل ہیں۔ر
لہذا ریاستوں کو ہیلت ایکشن پلان تیار کرنا چاہیئے۔ سکریٹری نے گرمی کی لہر سے عوام کو بچانے کیلئے شعور بیداری سے متعلق اقدامات کا حوالہ دیا۔ گرمی کی شدت کی صورت میں عوام کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ر