۔8 بجے صبح تا 12.30 بجے دوپہر نئے اوقات، احکام جاری
حیدرآباد 10 مارچ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں تمام سرکاری، امدادی و پرائیوٹ اسکولس جاریہ ماہ 16 مارچ سے موسم گرما کے پیش نظر آدھے دن کیلئے کام کریں گے اور صبح سے دوپہر کے وقت تک رہیں گے۔ اس سلسلہ میں انچارج کمشنر ریاستی اسکولی تعلیم چترا رامچندرن نے احکامات جاری کئے۔ ان احکامات میں بتایا گیا کہ ایک وقت کے مدرسہ کے اوقات صبح 8 بجے تا دوپہر 12.30 بجے تک ہوں گے اور 12.30 بجے مڈ ڈے میل (دوپہر کا کھانا) فراہم کرنے کے بعد تمام طلباء و طالبات کو گھروں کیلئے روانہ کردیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ ریاست بھر میں تمام سرکاری، امدادی اور پرائیوٹ مدارس کو گرمائی تعطیلات 23 اپریل سے شروع ہوں گے اور 12 جون سے تمام گورنمنٹ، پرائیوٹ اور ایڈیڈ اسکولس کی دوبارہ کشادگی عمل میں لائی جائے گی۔ ریاستی انچارج کمشنر اسکولی تعلیم چترا رامچندرن نے جاری کردہ احکامات میں تمام ریجنل جوائنٹ ڈائرکٹرس آف اسکول ایجوکیشن اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایک وقت کے مدرسہ (ہاف ڈے اسکول) کے اوقات پر سختی کے ساتھ عمل آوری کو یقینی بنائیں اور پرائیوٹ و امدادی اسکول انتظامیوں کو بھی جاری کردہ ایک وقت کے اسکولی اوقات پر سختی کے ساتھ روبہ عمل لانے کا پابند بنانے کے اقدامات کریں۔