گرمی کی شدت ، غیر سرکاری تنظیموں سے مشروبات کی تقسیم

   

حیدرآباد۔ شہر میں گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے کئی تنظیموں کی جانب سے ٹھنڈے مشروبات کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے ۔کوٹھی ‘ امیر پیٹ ‘ شاہ علی بنڈہ ‘ چارمینار کے علاوہ دیگر پر ہجوم مقامات پر غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے راہگیروں میں ٹھنڈے مشروبات کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ گرمی کی لہر کے اثرات سے شہریوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں درجہ حرارت میں اضافہ اور گرمی کی لہرکو دیکھتے ہوئے مختلف تنظیموں کی جانب سے ٹھنڈے مشروبات تقسیم کئے جارہے ہیں۔شہر میں جاری گرمی کی لہر کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرس کاکہنا ہے کہ گرمی سے محفوظ رہنے کے لئے قدرتی مشروبات کا استعمال کریں ‘ بوتل بند مشروبات کے استعمال سے عارضی گلے کی راحت حاصل ہوتی ہے لیکن اس کے کئی مضر اثرات ہوتے ہیں اسی لئے جہاں تک ممکن ہوسکے ناریل پانی‘گنے کا شربت‘ چھانچ‘لیمو پانی اور دیگر مشروبات کا استعمال کرنا چاہئے تاکہ گرم ہواؤں سے محفوظ رہا جاسکے۔شہر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کئے جانے کے بعد شہر حیدرآباد کی سڑکوں پر ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھی جانے لگی ہے ۔