جدہ : سعودی عرب میں حجاج کرام نے مناسک حج کی ادائی کے دوران گرمی کے باعث لوگوں کے نڈھال ہوکر بیمار ہوجانے کے کیسز بڑھ گئے ہیں۔ گرمی کی شدت سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔سعودی وزارت صحت نے بتایا کہ حج کے آغاز سے لے کر جمعرات کو سعودی عرب میں 11 ذو الحج تک گرمی سے تھکن کے تقریباً 11,000 کیسز ریکارڈ کیے ہیں۔سعودی وزارت صحت بیت اللہ شریف کے زائرین کو مسلسل گرمی سے خبردار کر رہی ہے۔ لوگوں کو بتایا جارہا ہے کہ دھوپ میں چھتری کے بغیر مت نکلیں۔ پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ زیادہ دیر تک قطاروں میں مت کھڑے ہوں۔ تاہم اس حوالے سے حجاج کرام کی جانب سے بے احتیاطی برتنے یا دیگر وجوہات کی بنا پر گرمی سے متاثر ہونے کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔جمرات بریج پر حجاج کرام کی نقل و حرکت کو آسان بنایا جارہا ہے۔ تینوں جمرات پر رمی کے لیے آسانی کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔ حجاج کرام کو منیٰ میں بسوں کے ذریعہ ان کے کیمپوں سے لایا جاتا اور طے شدہ پلان کے مطابق رمی جمار کرائی جاتی ہے۔