گرمی کی شدت لُو سے حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر پر زور

   

سدی پیٹ میں عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس، ایڈیشنل کلکٹر گریما اگروال کا خطاب

سدی پیٹ۔ 8؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع ٹاسک فورس کمیٹی کا اجلاس گریما اگروال ضلع ایڈیشنل کلکٹر سدی پیٹ کی صدارت میں آج کلکٹریٹ آفس میںمنعقد کیا گیا جس میں گرمی کی شدت سے ہونے والی بیماریوں کے حوالے سے ضلعی حکام کی مشاورت کی گئی۔ اس اجلاس میں ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پلوان کمار بھی شریک رہے۔ اس موقع پر محترمہ گریما اگروال نے عوام کو گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا۔ لْو لگنے کی علامات شدید سر درد زبان کا خشک ہونا دل کی دھڑکن تیز ہونا شدید پیاس لگنا جسم میں پانی کی کمی قے اور دست جزوی یا مکمل بے ہوشی ہے، متاثرہ شخص کو فوراً سایہ دار جگہ پر منتقل کریں۔ ٹھنڈے پانی میں بھیگے کپڑے سے جسم کو صاف کریں۔ مریض کو لسی، لیموں پانی، ناریل کا پانی، ORS محلول یا نمک اور چینی ملا پانی پلائیں۔ فوری طور پر قریبی ہیلتھ سینٹر، گاؤں یا بستی دواخانے یا پرائمری ہیلتھ سنٹر لے جائیں۔ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔ باہر جانے کی صورت میں سر پر ٹوپی، چھتری یا رومال رکھیں۔ سفر کے دوران لسی، لیموں پانی یا ORS ساتھ رکھیں۔ بچوں کو سخت گرمی میں باہر کھیلنے سے روکیں اور انہیں سایہ دار جگہ پر رکھنے کی کوشش کریں۔ چھ ماہ سے کم عمر کے بچوں کو صرف ماں کا دودھ پلائیں۔ ہلکے اور سوتی کپڑے پہنیں۔ پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں۔ گھر میں گرم ہواؤں کے داخلے کو روکنے کے لیے مناسب تدابیر اختیار کریں طبی عملے کے لیے ہدایات عوام کی سہولت کے لیے ہمیشہ دستیاب رہیں۔ لْو کے متاثرین کو فوری علاج فراہم کریں۔ تمام پرائمری ہیلتھ سینٹرز اور بستی و گاؤں دواخانوں میں ضروری ادویات دستیاب رکھیں۔ عوام میں لْو سے بچاؤ کے متعلق آگاہی مہم چلائیں۔ مزید معلومات کے لیے قریبی آشا ورکر یا پرائمری ہیلتھ سنٹر سے رجوع کریں۔ ہیلپ لائن نمبر: 6303696647 ہے۔