عوام کی صحت اور زندگی کے تحفظ پر توجہ، ہر منڈل کے درجہ حرارت پر نظر
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ اور درجہ حرارت میں تیزی کو محسوس کرکے تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی نے گرمائی سیزن کیلئے ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ گرمی کی لہر کے اثر کو کم کرنے کیلئے منصوبہ کی تفصیلات اور رہنمایانہ خطوط سے ریاستی اور ضلعی نظم و نسق کو آگاہ کیا گیا ہے جس کے تحت انہیں مختلف قدم اٹھانے ہوں گے۔ منصوبہ کا اہم مقصد گرمی کی لہر سے اموات کو روکنا ہے کیونکہ عام طور پر گرمی کی شدت کے نتیجہ میں کئی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے اور اموات کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔ گرمی سے متعلق بیماریوں اور دیگر عوارض پر قابو پانے کیلئے بھی خصوصی قدم اٹھائے جائیں گے۔ ریوینو اور ڈیساسٹر مینجنمٹ ڈپارٹمنٹ باہمی تال میل کے ذریعہ عوام کو گرمی کی لہر سے بچاؤ کے سلسلہ میں شعور بیدار کرے گا۔ متعلقہ محکمہ جات کے تحت ریاستی سطح کی مشاورت کا اہتمام کرتے ہوئے منصوبہ پر عمل کیا جائے گا۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے 1044 آٹو میٹیڈ ویدر اسٹیشنوں سے درجہ حرارت اور موسم سے متعلق تفصیلات حاصل کی جائیں گی اور ہر گھنٹہ یہ تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ان کا جائزہ لیا جائے گا۔ مسلسل تین دن تک موسم پر نظر رکھنے کے بعد ریوینو اور ڈیساسٹر مینجمنٹ کیلئے منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ اس سلسلہ میں یونیسیف سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی نے موسم گرما کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں کے درجہ حرارت پر مشتمل انڈیکس تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ سات برسوں میں ریاست کے تمام منڈلوں میں گرمی کی شدت کی تفصیلات کی بنیاد پر منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ گرمی کی لہر سے زیادہ تر متاثر ہونے والے 62 منڈل شدید طور پر متاثر زمرہ میں ہیں جبکہ 187 کو جزوی طور پر متاثر ہونے والے منڈلوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔316 منڈلوں میں چوکسی کی ضرورت ہے جبکہ 21 منڈلوں کو محفوظ زمرہ کے تحت شامل کیا گیا ہے۔ریاست میں گرمی کی لہر کے دوران سرکاری سطح پر محکمہ جات کے تعاون سے عوام کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔