گرودوارہ میں بیحرمتی کا الزام ‘ ایک شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل

   

چندی گڑھ: پنجاب کے کپور تھلہ سے اندرون 24 گھنٹے لنچنگ کے ووسرے واقعہ کی اطلاع ہے جہاں کپور تھلہ کے نظام پور گاوں کے رہنے والوں نے بتا یا کہ انہوں نے ایک شخص کو صبح چار بجے اس وقت گرفتار کیا جب وہ گردوارہ سے نشان صاحب کو ہٹانے کی کوشش کررہا تھا ۔پولیس نے اس شخص کو گرفتار کرلیا لیکن برہم مقامی عوام نے ان کے روبرو اس سے پوچھ تاچھ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پولیس سے بحث وتکرار کے بعد عوام نے لاٹھیوں سے اس شخص کو اتنا پیٹا کہ وہ ادھ مرا ہوگیا ۔ پولیس نے اس شخص کو ہاسپٹل سے رجوع کیا جہاں اسے مردہ قرارد یا گیا ۔پولیس نے وضاحت کی ہے کہ وہ شخص گردوارہ میں بیحرمتی کیلئے نہیں بلکہ سرقہ کرنے کیلئے گیا تھا۔ اسی طرح کل بھی سکھوں کے مقدس ترین ’گولڈن ٹیمپل‘ میں مبینہ طور پر توہین اور بیحرمتی کا ارتکاب کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا گیا۔ میڈیا کے مطابق شمالی شہر امرتسر میں ہفتہ کو شام کی عبادت کے دوران نامعلوم شخص ریلنگ پھلانگ کر مندر کے اندرونی احاطے میں داخل ہوا تھا۔ اس شخص نے سکھوں کی مقدس کتاب گرو گرانتھ صاحب کے سامنے رکھی تلوار اٹھانے کی کوشش کی، جس پر وہاں موجود عبادت گزاروں نے پہلے اسے روکا اور پھر تشدد کرکے ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
ریاست پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے اپنے دفتر سے متعدد ٹوئٹس کیے اور اس شخص کے ’انتہائی بدقسمت اور گھناؤنے فعل‘ کی مذمت کی۔
چنئی نے بھی اس گھناؤنے فعل کے پیچھے مقصد اور اصل سازش کاروں کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔گرو گرانتھ صاحب اور سکھوں کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی کے خلاف دفاع سکھ برادری کے لیے ایک انتہائی حساس مسئلہ ہے۔سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کے سکھ محافظوں نے 1984 میں اس وقت قتل کر دیا تھا جب انہوں نے علیحدگی پسندوں کو ختم کرنے کے لیے گولڈن ٹیمپل پر وحشیانہ فوجی کارروائی کا حکم دیا تھا۔سال 2015 میں سکھ مت کے بانی گرو نانک کو متنازع بائیوپک میں مذہب کے اصولوں کے خلاف انسانی شکل میں دکھائے جانے کے نتیجے میں احتجاج کے بعد واپس لے لیا گیا تھا۔واضح رہے کہ اکتوبر میں نئی دہلی کے مضافات میں نہانگ (سکھ عقیدے کی حفاظت کے لیے مسلح گروہ) کے گروپ نے ایک شخص کو مبینہ طور پر مقدس کتاب کی بیحرمتی کا الزام لگا کر تشدد کرکے قتل کردیا تھا۔