مذہبی جلوس اور نمائش میدان پر وشال دیوان، سکھ قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/10 نومبر، ( سیاست نیوز) سکھ برادری گرونانک دیو جی کی 555 ویں یوم پیدائش کے موقع پر 11 تا 15 نومبر پرکاش اُتسو تقاریب کا اہتمام کرے گی۔ سکھ برادری کیلئے یہ سب سے اہم تہوار ہے۔ حیدرآباد و سکندرآباد میں پانچ روزہ تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ گردوارہ سری گروسنگھ سبھا گرونانک مارگ افضل گنج اور گردوارہ صاحب سکندرآباد کی پربندھک کمیٹیوں نے تقاریب کا اہتمام کیا ہے۔ نگر کیرتن ( مقدس جلوس ) گردوارہ صاحب سکندرآباد سے 11 نومبر کو شام 4 بجے جبکہ گردوارہ سری گروسنگھ سبھا افضل گنج سے 13 نومبر کو شام 4 بجے نکالا جائے گا۔ پربندھک کمیٹی کے صدور سردار بلدیو سنگھ بگا، سردار ستیندر سنگھ بگا اور جنرل سکریٹری سردار جگموہن سنگھ اور سردار ہرپریت سنگھ نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پروگراموں کی تفصیل بیان کی۔ نگر کیرتن جلوس 11 نومبر کو شام 4 بجے گردوارہ صاحب سکندرآباد سے نکل کر مختلف علاقوں سے گذرتا ہوا گردوارہ واپس ہوگا۔13 نومبر کو گردوارہ سری گرو سنگھ سبھا افضل گنج سے شام 4 بجے جلوس نکالا جائے گا جو مختلف علاقوں سے گذرتا ہوا شام کو افضل گنج پہنچے گا۔ 15 نومبر کو نامپلی کے نمائش میدان پر صبح 10:30 تا شام 4 بجے وشال دیوان منعقد ہوگا جس میں 25 تا 30 ہزار سکھ عقیدتمند شرکت کریں گے۔ 14 نومبر شام 7:30 بجے تا رات 10:30 بجے گردوارہ صاحب سکندرآباد میں کیرتن دربار منعقد ہوگا جبکہ 15 نومبر کو رات 9 بجے سے گردوارہ سری گرو سنگھ سبھا افضل گنج میں کیرتن دربار کا آغاز ہوگا۔ مشہور راگی جتھے گروبانی کیرتن پیش کریں گے۔1