نمائش میدان پر مرکزی اجتماع ، وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر اور مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 12 نومبر (این ایس ایس) سکھ دھرم کے بانی گرونانک دیوجی کے 550 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ساری ریاست تلنگانہ میں تمام سکھوں نے عقیدت و احترام کے ساتھ پرکاش اتسو منایا گیا۔ گرو نانک نے ساری دنیا کو امن و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دیا تھا۔ ہزاروں سکھوں کے علاوہ دیگر عقائد کے ماننے والوں نے گرو نانک یوم پیدائش تقاریب میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ حصہ لیا۔ اس موقع پر گردوارہ صاحب سکندرآباد، گردوارہ صاحب گرو سنگھ سبھا افضل گنج، پربندھک کمیٹیوں کی طرف سے منعقدہ مختلف پروگرامس مرکز توجہ رہے۔ نمائش میدان پر منعقدہ وشال دیوان میں گرو گرنتھ صاحب جی کا پاٹھ کیا گیا۔ جس میں 25,000 تا 30,000 سکھ مرد، خواتین اور بچوں نے حصہ لیا۔ وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی راما راؤ نے گرو نانک کی تعلیمات پر مبنی لٹریچر کا تلگو ترجمہ جاری کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں اُنھوں نے کہاکہ شہر کے مضافاتی علاقہ موکیلا میں وسیع و عریض گردوارہ کی تعمیر کے لئے اراضی کی فراہمی وغیرہ جیسے تمام زیرالتواء اُمور و مسائل کی یکسوئی کریں گے۔ کے ٹی آر نے یقین دلایا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ بہت جلد مجوزہ عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ سکھ چھاؤنی میں اراضی کو باقاعدہ بنانے کا طویل عرصہ سے زیرالتواء کام بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت اس مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے بہت جلد سکھ نمائندوں کا اجلاس طلب کرے گی۔ مرکزی مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی نے ملک کے لئے سکھ برادری کی طرف سے دی گئی قربانیوں کو یاد دلایا اور کہاکہ سماج کے لئے سکھوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ گرونانک نہ صرف سکھوں بلکہ سب کے گرو ہیں جنھوں نے امن، اُخوت، مساوات و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دیا تھا۔