گروپ۔I مینس امتحانات کے خلاف درخواستیں ہائی کورٹ میںمسترد

   

21 اکٹوبر سے امتحانات، امتحانی عمل میں مداخلت نہ کرنے عدالت کا فیصلہ
حیدرآباد: 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گروپ۔I مینس امتحانات کی راہ ہموار ہوچکی ہے اور تلنگانہ ہائی کورٹ نے امتحانات کے خلاف دائر کی گئی درخواست کو مسترد کردیا۔ گروپ۔I مینس امتحانات کے اعلامیہ کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ پریلمس امتحانات کے 7 سوالات سے متعلق پہلی ’’کی‘‘ میں جوابات درست نہیں دیئے گئے۔ انہوں نے 7 سوالات کے نشانات کو شامل کرتے ہوئے نئی فہرست جاری کرنے کی اپیل کی۔ ہائی کورٹ نے فریقین کی سماعت کے بعد درخواست کو مسترد کردیا اور 21 اکٹوبر سے مینس امتحانات کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے۔ پریلمس امتحانات کے طریقہ کار کو چیلنج کرتے ہوئے دو علیحدہ درخواستیں داخل کی گئیں۔ پہلی درخواست میں پریلمس کے بعض سوالات کو خارج کرتے ہوئے اسے نشانات میں شامل کرنے کی درخواست کی۔ امیدواروں کا کہنا تھا کہ سوالات میں موجود خامیوں کو درست کرتے ہوئے منتخب امیدواروں کی دوسری فہرست کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ مینس امتحانات کی تاریخ سے عین قبل امتحانی عمل میں عدالت کی جانب سے کوئی مداخلت نہیں کی جائے گی۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے عدالت کو مینس امتحانات کی تیاریوں سے واقف کرایا۔ ہائی کورٹ نے تلنگانہ حکومت اور پبلک سرویس کمیشن کے موقف کی سماعت کے بعد درخواستوں کو مسترد کردیا۔ اسی دوران 21 تا 27 اکٹوبر گروپ۔I مینس تحریری امتحانات کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ پبلک سرویس کمیشن نے اہل امیدواروں کے ہال ٹکٹس جاری کردیئے ہیں۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ویب سائٹ سے ہال ٹکٹ ڈائون لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ گروپ۔I پریلمس امتحانات میں اہل قرار دیئے گئے امیدوار مینس امتحانات میں شرکت کرسکتے ہیں۔ مینس امتحانات دوپہر 2 بجے تا شام 5 بجے منعقد ہوں گے۔ امیدواروں کو 30 منٹ قبل امتحانی مرکز پہچنا ہوگا۔ دوپہر 12:30 بجے تا 1:30 بجے دن امیدواروں کو امتحان ہال میں داخلہ کی اجازت رہے گی اس کے بعد پہنچنے والے امیدواروں کو داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ پبلک سرویس کمیشن نے امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کمیشن کے ویب سائٹ پر گائیڈ لائنس کا مشاہدہ کریں۔ 1