رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں تقررات حاصل کرنے والے عہدیداروں کی وزیر مال سرینواس ریڈی سے ملاقات، بہتر خدمات انجام دینے کا مشورہ
حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ I امتحانات میں منتخب ہوکر رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں تقررات حاصل کرنے والے امیدواروں نے آج وزیر مال پی سرینواس ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے احکامات تقرر حوالہ کئے اور ڈیوٹی جوائن کرنے سے واقف کرایا۔ گروپ I کے تحت کئی امیدوار رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں اہم عہدوں پر فائز کئے گئے ہیں۔ اِس موقع پر وزیر مال سرینواس ریڈی نے کہاکہ بی آر ایس نے تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں کو روزگار کا وعدہ کیا تھا لیکن 10 برسوں کی حکمرانی میں تقررات پر توجہ نہیں دی گئی۔ کانگریس حکومت نے نہ صرف گروپ امتحانات کامیابی کے ساتھ منعقد کئے بلکہ 60 ہزار سے زائد سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ اُنھوں نے گروپ I میں منتخب امیدواروں کو مبارکباد دی جن کا اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں تقرر عمل میں آیا ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ کانگریس حکومت نے گروپ امتحانات کا شفافیت کے ساتھ انعقاد عمل میں لاتے ہوئے ثابت کردیا کہ حکومت تقررات میں سنجیدہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 2011ء میں کانگریس دور حکومت میں گروپ I نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ 2018ء میں تقررات کا عمل شروع کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ صرف کانگریس دور حکومت میں ہی گروپ امتحانات اور سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ کئے گئے وعدے کی تکمیل کانگریس کا کارنامہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گروپ I تقررات کو روکنے کے لئے بعض گوشوں سے سازش کی گئی لیکن عدالت میں کامیابی نہیں ملی۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس حکومت نے پبلک سرویس کمیشن کو ایک مخلوط ادارہ میں تبدیل کردیا ہے۔ اُنھوں نے گروپ I سے تقررات حاصل کرنے والے عہدیداروں سے خواہش کی کہ وہ محنت اور دیانتداری کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے عوام کی خدمت کریں۔1