گروپ 1 امتحانات کیلئے موثر انتظامات کی ہدایت

   

کریم نگر میں گروپ امتحانات سے متعلق جائزہ اجلاس سے ضلع کلکٹر آر وی کرنن کی مخاطبت

کریم نگر۔6 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) 11جون کو منعقد کئے جانے والے ریاست تلنگانہ پبلک سروس کمیشن گروپ 1 پریلمنری امتحانات کے مؤثر انعقاد کیلئے تندہی انتظامات کی ضلع کلکٹر کریم نگر آر وی کرنن نے ہدایت دی ۔آج کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں گروپ 1 پریلمنری امتحان کے انعقاد کے متعلقہ اُمور پر جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر کلکٹر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ ماہ کی 11 تاریخ کو صبح 10:30 سے 1:00 بجے تک گروپ 1 پریلمنری امتحان کے انعقاد کیلئے ٹھوس انتظامات کئے جائیں۔ امتحانی مراکز میں معذورین کیلئے حکومت کے ہدایات کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں۔ اسٹرانگ روم سے امتحانی مرکز اور امتحانی مرکز سے اسٹرانگ روم تک امتحانی ساز و سامان کی روانگی کے متعلقہ چوکسی اختیار کی جائے۔ ضلع کے 34 امتحانی مراکز میں 16829 امیدوار امتحان میں شرکت کریں گے۔ امیدواروں کو امتحانی مراکز میں کسی طرح کی دشواری نہ ہو اسکے لئے ابتدائی سہولیات لائیٹنگ ، پنکھے ، پینے کا پانی ، بیت الخلا کی سہولیات کی فراہمی کے اقدام کئے جائیں۔ امتحان سے قبل ماک ڈرل کا انعقاد کریں۔ کسی بھی صورت میں 10:15 کے بعد امیدواروں کو امتحانی مراکز میں داخلہ کی اجازت نہیں ہے۔ امتحانی مراکز میں الکٹرانک گھڑی ، سیل فون جیسے الکٹرانک آلات کے ساتھ داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ امتحانی مراکز کے نزد طبی کیمپ لگوائے جائیں۔ امتحانی مرکز میں امیدواروں کا ہال ٹکٹ کے ساتھ کوئی ایک شناختی کارڈ پیش کرنا لازمی ہے۔ امتحان سے قبل او ایم آر ببلنگ کے متعلقہ امیدواروں کو ہدایات جاری کریں۔ ضلع کلکٹر نے ٹی ایس پی ایس سی کے ضابط کے مطابق امتحان کے انعقاد کیلئے تندہی انتظامات کی ہدایت دی۔ اس اجلاس میں تربیتی کلکٹر لینین وٹسل ٹوپو، کریم نگر آر ڈی او آنند کمار ، انتظامی عہدیدار جگت سنگھ ، چیف سپرنٹنڈنٹ و دیگر نے شرکت کی۔