گروپ 1 سرویس کے عہدیداروں کو دستیابی کی تاکید

,

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ کے عوام سرکاری حکام سے عمومی طور پر نالاں ،مسائل کی عاجلانہ یکسوئی سے عوامی رائے میں مثبت تبدیلی ممکن : گورنر نرسمہن
حیدرآباد۔2اگسٹ(سیاست نیوز) گروپ۔I سرویس کے نومنتخب عہدیداروں کو عوام کے درمیان زیادہ سے زیادہ وقت گذارتے ہوئے ریاست کی ہمہ جہت ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے گروپ۔I کے نو منتخبہ عہدیداروں کی تربیت کے اختتامی اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے لئے ریاست کے عہدیدار اپنے طور پر نمایاں خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کم رقبہ پر محیط نئے اضلاع کی تشکیل ایک تاریخ ساز فیصلہ ہے اور اس کا مکمل فائدہ عہدیداروں کو حاصل ہوسکتا ہے کیونکہ وہ چھوٹے اضلاع میں زیادہ سے زیادہ عوام کے درمیان رہ سکتے ہیں۔انہو ںنے عہدیدارو ں کو
24X7
عوام کے لئے دستیاب رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے کی صورت میں ریاست ہی نہیں بلکہ ملک کی تصویر کو تبدیل کیا جاسکتا ہے کیونکہ عوام کو جب اس بات کا یقین ہوتا ہے کہ حکام ان کی بات سننے کے لئے دستیاب ہیں تو وہ مطمئن ہوتے ہیں۔مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے مری چنا ریڈی فروغ انسانی وسائل ادارہ میں منعقدہ اس تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست میں عوام کو جو سہولتیں چاہئے ان کا فیصلہ عہدیدار کرتے ہیں اور ان پر یہ بڑی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ انہیں کس طرح کی سہولتیں فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے خدمات شروع کرنے جا رہے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ مثبت فکر کے ساتھ عوامی شکایات کی سماعت کریں اور ان پر غور کریں کہ کس طرح شکایات کو حل کیا جاسکتا ہے۔مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں عوام کا یہ خیال ہے کہ ریاست کے عہدیدار عوام دوست نہیں ہیں جو کہ عوامی تاثر ہے اس تاثر کو دور کرتے ہوئے عوام میں عہدیداروں کے متعلق مثبت فکر پیدا کرنا عہدیداروں کی ہی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے عہدیدارو ںکو مشورہ دیا کہ وہ اپنے عہدہ پر رہتے ہوئے سرگرم انداز میں مسائل کی یکسوئی کریں اور عوام سے دوستانہ تعلقات کو استوار کرتے ہوئے ان کی شکایات کی سماعت کریں اور انہیں تیقن دیں کہ ان کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کو ممکن بنایا جائے گا تو ایسی صورت میں عوام میں بھی مثبت فکر پیدا ہوگی ۔مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے اس موقع پر عہدیداروں میں اسناد بھی تقسیم کئے ۔اس اختتامی تقریب میں مسٹر بی پی آچاریہ‘مسٹرایس ایم نبی‘ ڈاکٹر آر مادھوی‘ مسٹر بی وینکٹیشور راؤ کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔مسٹر بی پی آچاریہ نے اس موقع پر اپنے خیر مقدمی خطاب کے دوران کہا کہ تربیت کا مقصد عہدیدارو ںمیں سنجیدگی اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے کے علاوہ ان کے کام کی اہمیت سے انہیں واقف کروانا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ اس کورس کے ذریعہ نئے عہدیداروں کو کام کے طریقہ کار اور تھکان سے محفوظ رہنے کے علاوہ مسلسل کام میں مصروف رہتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے کس طرح کوشش کی جائے اس بات سے واقف کروایا گیا ہے اور ادارہ کو اس بات کا یقین ہے کہ اس کورس کا عہدیداروں کو کافی فائدہ ہوگا اور وہ مستقبل کو تابناک بنانے میں اس کورس سے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن ‘ مسٹر بی پی آچاریہ نے نومنتخبہ عہدیداروںکے بہتر مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔