گروپ 20اور جی-4 ارکان سے جئے شنکر کی ملاقات

   

نئی دہلی: وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر نے گذشتہ روز جی۔20 ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ون ٹو ون ملاقاتوں کے علاوہ جی۔4 کے اراکین سے بھی ملاقات کی اور جی۔20 وزرائے خارجہ کے اجلاس سے بھی خطاب کیا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے امریکی دورے سے دو دن پہلے وزیر خارجہ جے شنکر نیو یارک پہنچے تھے ۔ اس دوران انہوں نے 21 ستمبر منگل کو برطانیہ ، ناروے اور عراق کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد اگلے دن انہوں نے 20 ممالک کے وزرائے خارجہ سے ون ٹو ون ملاقات کی۔ وزیر خارجہ جے شنکر نے اجلاس کے دوران جن امور پر نمایاں طور پر تبادلہ خیال کیا ان میں افغانستان ، انڈو پیسیفک خطہ ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فریم ورک میں اصلاحات اور دوطرفہ تجارت شامل ہیں۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر نے جن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی ان میں فرانس کے جین یوز لیڈرین ، ایران کے نئے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان ، مصر کے وزیر خارجہ سمیع شوقی ، آسٹریلیا کے وزیر خارجہ ماریس پاینے ، انڈونیشیا کے وزیر خارجہ رینٹو مارسودی ، ویتنام کے وزیر خارجہ بوئی تھن سون ، لیتھوانیا کے وزیر خارجہ گیبریلیو لینڈس برگس شامل ہیں۔