گروپ I امتحانات ملتوی کرنے امیدواروں کی سپریم کورٹ میں درخواست

   

عبوری احکامات سے عدالت کا انکار، پیر کے دن چیف جسٹس چندر چوڑ کے اجلاس پر سماعت ہوگی
حیدرآباد ۔18۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے گروپ I امیدواروں نے جی او 29 کو منسوخ کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درخواست گزاروں نے سپریم کورٹ کے فیصلہ تک گروپ I امتحانات کو ملتوی کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے شکایت کی کہ جی او 55 پر عمل آوری کے لئے حکومت سے درخواست کی گئی لیکن چیف منسٹر نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ سپریم کورٹ نے اس معاملہ میں فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے پیر کے دن سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔ گروپ I درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ معذورین کے تحفظات کے بارے میں 2022 میں جاری کردہ جی او 55 میں ترمیم کرتے ہوئے حکومت نے 8 فروری کو جی او 29 جاری کیا جس میں معذورین کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ انہوں نے جی او 55 پر عمل آوری اور جی او 29 کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ عام زمرہ کے امیدواروں سے زیادہ نشانات حاصل کرنے والوں کو غیر محفوظ زمرہ میں شمار کرنے کے فیصلہ سے معذور امیدواروں کے ساتھ ناانصافی کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائد نشانات حاصل کرنے والے امیدواروں کو محفوظ زمرہ کے تحت شمار کرتے ہوئے انہیں 1:50 کے تحت شامل کیا جائے۔ سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی کہ گروپ I امتحانات پر روک لگانے کیلئے احکامات جاری کئے جائیں۔ عدالت نے امتحانات پر روک لگانے کی درخواست کو نامنظور کردیا اور گروپ I نوٹیفکیشن کی منسوخی کے عبوری احکامات جاری کرنے سے انکار کیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری سماعت کی جائے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے فوری سماعت کے بجائے پیر کے دن سماعت سے اتفاق کیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل موہت راؤ نے چیف جسٹس کے اجلاس پر اسپیشل موشن پٹیشن دائر کی اور امیدواروں میں پھیلی بے چینی سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کے مسئلہ کی یکسوئی تک امتحانات کو ملتوی کیا جائے۔ چیف جسٹس نے پیر کے دن 11.30 بجے مقدمہ کی سماعت سے اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ گروپ I مینس امتحانات کا 21 اکتوبر سے آغاز ہورہا ہے۔ سپریم کورٹ میں سماعت صبح 11.30 بجے ہے جبکہ امتحانات دوپہر 2 بجے سے شروع ہوں گے۔ 1