گروپ I امتحانات پر تلنگانہ ہائیکورٹ کا فیصلہ حکومت کیلئے قابل احترام : کرشنا راؤ

   

گاندھی بھون میں عوامی سماعت پروگرام میں شرکت، ہر مستحق کو اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکان کا تیقن
حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ نے آج گاندھی بھون میں عوامی سماعت پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے نمائندگیوں کی سماعت کی اور فوری یکسوئی کے لئے عہدیداروں سے ربط قائم کیا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ہر ہفتہ ایک ریاستی وزیر کو گاندھی بھون میں عوامی مسائل کی سماعت کے لئے دستیاب رہنے کی ہدایت دی ہے۔ 2 گھنٹوں تک سماعت کے دوران جوپلی کرشنا راؤ نے کئی ضلع کلکٹرس اور اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے عوامی مسائل سے واقف کروایا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جوپلی کرشنا راؤ نے کہاکہ گروپ I امتحانی پرچہ جات کی دوبارہ جانچ کے سلسلہ میں عدالتی فیصلہ کا حکومت احترام کرتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت ہائیکورٹ کے فیصلہ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد قطعی فیصلہ کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق بی آر ایس حکومت گروپ I امتحانات کو شفافیت کے ساتھ انعقاد میں ناکام ہوچکی ہے۔ چرلہ پلی میں بڑے پیمانہ پر ڈرگس کے گروہ کا پردہ فاش ہونے کے مسئلہ پر وزیر اکسائز نے عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عہدیداروں کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے مستقبل میں ڈرگس کی سربراہی سے متعلق سرگرمی کی سرکوبی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوامی مسائل کے حل کیلئے پرجا بھون اور گاندھی بھون میں عوامی سماعت کا اہتمام کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ زیادہ تر درخواستیں اندراماں ہاؤزنگ اور نئے راشن کارڈ کی منظوری سے متعلق وصول ہوئی ہیں۔ دھرانی پورٹل سے پیدا شدہ اراضی تنازعات اور پاس بک کی اجرائی کیلئے بھی عوام رجوع ہوئے۔ اُنھوں نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت ہر مستحق خاندان کو مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسکیم کے تحت ریاست بھر میں 4.5 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ راشن کارڈ پر عوام کو باریک چاول کی سربراہی کانگریس حکومت کا مثالی کارنامہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات ملک کی دیگر ریاستوں کے لئے مثالی بن چکی ہیں۔1