گروپ I امتحانات پر ہائی کورٹ کا فیصلہ محفوظ

   

حیدرآباد۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس این راجیشور راؤ نے گروپ I مینس امتحانات میں مبینہ بے قاعدگیوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت کو مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔ گروپ I امتحانات کے ناکام امیدواروں کی جانب سے 9 علیحدہ درخواستیں دائر کی گئیں جس میں الزام عائد کیا گیا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے گروپ I مینس امتحانات کے انعقاد میں مبینہ طور پر بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ امیدواروں نے پرچہ جات کی جانچ، رینک کے تعین اور دیگر امور میں شفافیت کو ملحوظ نہ رکھنے کی شکایت کرکے عدالت سے مداخلت کی اپیل کی۔ درخواست گذاروں کی جانب سے سینئر وکلاء جی ودیا ساگر، کے ایس مورتی اور بی رچنا نے امتحانات کے انعقاد میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی۔ ودیا ساگر نے کہا کہ پبلک سرویس کمیشن نے خود اپنے طے شدہ قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ وکلاء نے کہا کہ دو علیحدہ نمبرس کے ساتھ امیدواروں کو ہال ٹکٹس جاری کئے گئے جس کے نتیجہ میں الجھن پیدا ہوئی ہے۔ وکلاء نے کہا کہ تلگو زبان میں پرچہ جات کا جواب لکھنے والے امیدواروں کی کامیابی کا فیصد محض 18 درج کیا گیا جبکہ انگلش میڈیم کے 30 فیصد امیدوار کامیاب رہے۔ پبلک سرویس کمیشن کے وکیل نے بے قاعدگیوں کی تردید کی اور نوٹیفکیشن کی اجرائی سے لے کر امیدواروں کے رینکس کے تعین تک کے تمام مراحل کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ جسٹس راجیشور راؤ نے فریقین کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ 1