تحفظات پر عمل نہ کرنے درخواست گزاروں کی شکایات پر 27 ستمبرکو سماعت
حیدرآباد 30۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے گروپ I تقررات میں تحفظات پر عمل آوری کے سلسلہ میں ریاستی حکومت اور تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو نوٹس جاری کی ہے۔ جسٹس پی کارتک نے نوٹس جاری کرکے اندرون 4 ہفتے جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے سوال کیا کہ گروپ I کے مجوزہ تقررات میں رول آف ریزرویشن پر کس طرح عمل کیا جائے گا ۔ حکومت نے گروپ I کی 563 جائیدادوں پر تقررات کیلئے 19 فروری کو اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ جسٹس پی کارتک نے گروپ I کے 4 امیدواروں کی درخواست کی سماعت کی جس میں تقررات کے وقت تحفظات پر مکمل عمل پر شبہات ظاہر کئے گئے ۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ موجودہ اعلامیہ کے تحت جملہ جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں جس کے تحت حکومت نے 209 جائیدادوں کو اوپن زمرہ کے تحت رکھا ہے۔ اوپن زمرہ کے تحت معاشی پسماندہ طبقات یعنی EWS کیلئے 49 ، BCA کیلئے 44 ، BCB کیلئے 37 ، BCC کیلئے 13 ، BCD کیلئے 22 ، BCE کیلئے 16 ، SC کیلئے 93 ، ST کیلئے 52 ، معذورین کیلئے 24 اور اسپورٹس کوٹہ کے تحت 4 جائیدادیں مختص کی ہیں۔ حکومت نے 25 اپریل کو جی او 55 جاری کرکے محفوظ زمرہ جات میں بعض تبدیلیاں کی ہیں ۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت سے شکایت کی کہ حکام کی جانب سے طلبہ کو مین امتحان کیلئے مدعو کرتے ہوئے رول آف ریزرویشن پر عمل نہیں کیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں پسماندہ طبقات کو نقصان ہوگا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ پبلک سرویس کمیشن نے ایک علحدہ زمرہ تشکیل دیا ہے تاکہ محفوظ نشستوں پر تقررات کئے جائیں ۔ عدالت نے 27 ستمبر تک جواب داخل کرنے حکومت اور پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی۔ 1