گروپ I تقررات پر ہائی کورٹ 5 فروری کو فیصلہ سنائے گا

   

حیدرآباد ۔22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے گروپ I تقررات کے مسئلہ پر اپنا فیصلہ 5 فروری تک ملتوی کردیا ہے۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین پر مشتمل بنچ کو آج فیصلہ سنانا تھا ۔ چیف جسٹس نے وکلاء کو بتایا کہ فیصلہ کی کاپی مکمل طور پر تیار نہیں ہوئی ہے ، لہذا 5 فروری کو فیصلہ سنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ کے سنگل جج نے گروپ I امتحانات اور تقررات میں بے قاعدگیوں کی شکایت پر حکم التواء جاری کردیا تھا۔ سنگل جج کے فیصلہ کو تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن اور منتخب امیدواروں نے چیلنج کیا جس پر چیف جسٹس کی زیر قیادت بنچ نے سنگل جج کے احکامات کو کالعدم کرتے ہوئے حکومت کو تقررات کی اجازت دے دی۔ حکومت نے گروپ I کی جائیدادوں پر منتخب امیدواروں کے تقرر کا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا تھا کہ تقررات قطعی فیصلہ کے تابع رہیں گے۔ سنگل جج نے امیدواروں کی رینک لسٹ کو منسوخ کرکے پرچوں کی دوبارہ جانچ یا دوبارہ امتحان کے انعقاد کی ہدایت دی تھی۔ بتایا گیا کہ 5 فروری کو ڈیویژن بنچ اپنا فیصلہ سنائے گا۔ چیف جسٹس کے فیصلہ پر امیدواروں کی نظریں ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت نے گروپI کی 562 جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل کرلیا ہے۔1