گروپ I منتخب امیدواروں کو چیف منسٹر احکامات تقرر حوالے کریں گے

   

شلپا کلا ویدیکا میں کل بڑے پیمانہ پر تقریب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ I امتحانات میں منتخب امیدواروں کو 27 ستمبر کو چیف منسٹر ریونت ریڈی احکامات تقرر حوالے کریں گے ۔ چیف سکریٹری کے مطابق ہفتہ کی شام شلپا کلا ویدیکا میں تقریب کا اہتمام کیا جائے گا ۔ چیف سکریٹری نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا اور تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ گروپ I امتحانات کے ذریعہ 563 امیدواروں کو منتخب کیا گیا ہے جنہیں احکامات تقرر حوالے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 18 سرکاری محکمہ جات میں یہ تقررات عمل میں آئیں گے ۔ منتخب امیدواروں کے اسنادات کی جانچ کا عمل جمعہ تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ہر امیدوار کے ساتھ دو افراد خاندان تقریب میں شرکت کرسکتے ہیں۔ محکمہ جات، ریونیو ، ہوم اور پنچایت راج میں زیادہ تر تقررات کئے جائیں گے ۔ احکامات تقرر حاصل کرنے والے امیدوار تقریباً 30 برسوں تک سرکاری خدمات میں برقرار رہیں گے۔ چیف سکریٹری کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں اسپیشل چیف سکریٹری سبیا ساچی گھوش ، وکاس راج ، اسپیشل چیف سکریٹری ہوم روی گپتا ، ڈائرکٹر جنرل پولیس جتیندر ، پرنسپل سکریٹریز بینہر ایکا ، لوکیش کمار ، ٹی کے سری دیوی ، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن اور دوسروں نے شرکت کی۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت گروپ I کے منتخب امیدواروں کو احکامات تقرر حوالے کئے جارہے ہیں۔1