گروپ I مینس امتحانات کا آج سے آغاز، 563 جائیدادوں کیلئے 31 ہزار امیدوار

   

امتحانی مراکز پر سخت سیکوریٹی، دوپہر 1:30 بجے امیدوار اپنے مراکز پہنچ جائیں، تین اضلاع میں 46 مراکز

حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گروپI مینس امتحانات کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور امیدواروں کی جانب سے امتحانات کے التواء کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے حکومت نے شیڈول کے مطابق کل 21 تا 27 اکٹوبر مینس امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ مینس امتحانات حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل اضلاع کے 46 مراکز پر منعقد ہوں گے۔ حیدرآباد میں 8 ، رنگاریڈی میں 11 اور میڑچل ضلع میں 27 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ گروپ I کی 563 جائیدادوں کیلئے جملہ 31382 امیدواروں کو مینس امتحانات میں شرکت کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی ویب سائیٹ پر ہال ٹکٹ ڈاون لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور اطلاعات کے مطابق 95 فیصد امیدواروں نے ہال ٹکٹ ڈاون لوڈ کرلئے ہیں۔ امتحانی مراکز پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے۔ امتحانات میں شفافیت کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے اور نگرانکار عہدیداروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ امتحان کا آغاز 2 بجے دن سے ہوگا اور امیدواروں کو 1:30 بجے تک امتحانی مراکز پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 1:30 بجے کے بعد پہنچنے والے امیدواروں کو داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ چیف سکریٹری شانتی کماری، ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر اور صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن مہیندر ریڈی نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ربط قائم کرتے ہوئے امتحانات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ امتحانات کے سلسلہ میں جی او 29 کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے طلبہ گذشتہ چند دنوں سے حیدرآباد میں احتجاج کررہے ہیں۔ حکومت نے واضح کردیا ہے کہ امتحانات کے التواء کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے دو مرتبہ امتحانات کے التواء سے متعلق درخواستوں کو مسترد کردیا۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کے اجلاس پر کل 21 اکٹوبر 11:30 بجے دن گروپ I امیدواروں کی درخواست کی سماعت مقرر ہے۔ چیف جسٹس نے جمعہ کے دن عبوری احکامات کی اجرائی سے انکار کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 11:30 بجے سپریم کورٹ میں سماعت مقرر ہے جبکہ 2 بجے دن سے امتحانات کا آغاز ہوگا۔اسی دوران ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر نے امتحانی مراکز کے قریب امن و ضبط کے مسائل پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے امتحانات کے پُرامن انعقاد کیلئے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کے مطابق امتحانات میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ پوری تیاری کے ساتھ امتحانات میں شرکت کریں اور اپنے مستقبل کو تابناک بنائیں۔1