حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ I امتحانات کے مسئلہ پر ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلہ کے خلاف ڈیویژن بنچ پر اپیل دائر کی ہے ۔ ہائیکورٹ نے 9 ستمبر کو امتحانی پرچہ جات کی دوبارہ جانچ اور امیدواروں کو نیا رینک جاری کرنے کی کمیشن کو ہدایت دی تھی ۔ گروپ I کی 563 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اکتوبر میں امتحانات منعقد کئے گئے تھے اور کمیشن نے نتائج اور رینک کا اعلان کردیا تھا ۔ بعض امیدوار پرچوں کی جانچ میں بے قاعدگیوں کی شکایت کے ساتھ ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔ کمیشن نے گروپ I مینس امتحانات کے نتائج 10 مارچ کو جاری کئے تھے اور 9 ستمبر کو ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے نتائج کو کالعدم کردیا ۔ ڈیویژن بنچ پر اپیل میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امتحانات کا انعقاد اور نتائج کی اجرائی میں کوئی خامی نہیں ہے، لہذا سنگل جج کے فیصلہ پر حکم التواء کی اپیل کی گئی ۔ 1
توقع ہے کہ ڈیویژن بنچ پر اندرون دو یوم سماعت ہوگی ۔ اسی دوران حکومت نے گروپ I امتحانات کے نتائج کے مطابق تقررات کا عمل جاری رکھنے کیلئے ماہرین قانون سے رائے حاصل کی ہے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ میں کوئی راحت نہ ملنے کی صورت میں سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا منصوبہ ہے ۔ 1