حیدرآباد۔/25 جولائی، ( سیاست نیوز)تلنگانہ ہائی کورٹ نے گروپ I امتحانات کے نتائج پیر تک جاری نہ کرنے پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی ہے۔ گروپ I امتحانات کے امیدواروں کے علاوہ کانگریس کی طلباء تنظیم این ایس یو آئی کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کرتے ہوئے گروپ I امتحانات کو کالعدم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ درخواست گذاروں نے شکایت کی کہ گروپ I امتحانات میں بائیو میٹرک سسٹم پر عمل نہیں کیا گیا۔ اس درخواست کی سماعت کے دوران آج عدالت کو بتایا گیا کہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے گروپ I امتحانات کے نتائج جلد جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ اس اطلاع پر کانگریس کی طلباء تنظیم این ایس یو آئی کی جانب سے نتائج کی اجرائی پر حکم التواء جاری کرنے کی عدالت سے اپیل کی گئی۔ اسسٹنٹ گورنمنٹ پلیڈر نے عدالت کو بتایا کہ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد پیر کے دن حکومت اور کمیشن کی جانب سے دلائل پیش کریں گے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پیر تک ملتوی کرتے ہوئے پبلک سرویس کمیشن کو اس کیس کی اگلی سماعت تک گروپ I نتائج جاری نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔دوسری طرف گروپ Iـْـْکے امیدواروں کو نتائج کا بے صبری سے انتظار ہے۔