اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال سے ملاقات
حیدرآباد 19 جولائی (سیاست نیوز) گروپ I پریلمس امتحانات میں محکمہ اقلیتی بہبود کی کوچنگ حاصل کرکے کامیاب امیدواروں نے آج اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس سے ملاقات کی۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر محمد الیاس احمد نے تفسیر اقبال کو بتایا کہ اقلیتی بہبود سے گروپ I پریلمس کی کوچنگ کیلئے 120 امیدواروں نے نام درج کرائے تھے لیکن تقریباً 40 امیدواروں نے پابندی سے کوچنگ میں شرکت کی۔ پریلمس نتائج میں کوچنگ پانے والے 7 امیدوار کامیاب ہوئے۔ تفسیر اقبال نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور گروپ I مینس امتحانات میں سلیکشن کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پریلمس میں محنت کی گئی، اسی طرح اگر مینس پر توجہ کی جائے تو تمام 7 امیدوار گروپI کیلئے منتخب ہوسکتے ہیں۔ امیدواروں نے اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سے خواہش کی کہ مینس امتحانات کی کوچنگ کیلئے کسی خانگی کوچنگ سنٹر میں اسپانسر کیا جائے۔ تفسیر اقبال نے کہا کہ سابق میں سیول سرویس امتحانات کیلئے ہر سال 100 امیدواروں کو خانگی کوچنگ سنٹرس میں اسپانسر کیا گیا لیکن خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود نے خانگی کوچنگ سنٹرس کو بھاری رقم ادا کرنے کی بجائے خود ماہر اور قابل فیکلٹیز کے ذریعہ گروپ I کوچنگ کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تیقن دیا کہ گروپ I کیلئے نامور فیکلٹیز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سرکل کی جانب سے 22 جولائی کو کوچنگ کلاسس کا آغاز ہورہا ہے۔ تفسیر اقبال نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کے اقدامات کر رہی ہے ۔ 1