حیدرآباد ۔29۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن گروپ I پریلمس امتحانات کا مسئلہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے تیاریاں جاری ہیں۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے سنگل جج اور پھر ڈیویژن بنچ نے امتحانات کی منسوخی کی ہدایت دینے احکام جاری کئے تھے۔ ہائی کورٹ احکام کو پبلک سرویس کمیشن سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ گروپ I پریلمس امتحانات کی منسوخی سے نہ صرف لاکھوں امیدواروں کو نقصان ہوگا بلکہ کمیشن کا وقار مجروح ہوسکتا ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں پہلی بار امتحان منعقد ہوئے تھے لیکن امتحانی پرچہ جات کے افشا کے بعد امتحانات کو منسوخ کرنا پڑا ۔ دوسری مرتبہ جاریہ جون میں امتحانات ہوئے لیکن امیدواروں نے امتحانات میں بائیو میٹرک سسٹم پر عمل نہ کرنے کی شکایت کرکے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ۔ سنگل جج نے امتحانات کی منسوخی کا فیصلہ سنایا جسے ڈیویژن بنچ پر چیلنج کیا گیا ۔ ڈیویژن بنچ نے کمیشن پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کمیشن نے نوٹیفکیشن ہدایات کی خود خلاف ورزی کی ہے۔ ڈیویژن بنچ سے مخالف فیصلہ کے بعد کمیشن سپریم کورٹ سے رجوع ہونے تیاری کر رہا ہے تاکہ ہائی کورٹ کے احکامات پر حکم التواء حاصل کیا جائے ۔