تمام تیاریاں مکمل ، آج یا کل ہال ٹکٹس کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ I پریلمنری امتحانات کے پرچہ کے افشا کے بعد دوبارہ پریلمنری امتحان کا انعقاد کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہے ۔ گروپ I کی 503 جائیدادوں کے لیے نیا شیڈول جاری کیا گیا جس کے مطابق 11 جون کو اس امتحان کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ امیدواروں کی تکمیل اسکریننگ کرنے اور بائیو میٹرک کی تصدیق کے بعد ہی انہیں امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت دینے کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ ریاست میں تقررات کے قوانین کے مطابق کمیشن امتحان کی تاریخ سے ایک ہفتہ قبل امتحانی مرکز کی نشاندہی کرتے ہوئے ہال ٹکٹ جاری کرنے کے لیے ’ رینڈمائزیشن ‘ عمل کا اہتمام کررہا ہے ۔ یہ عمل آئندہ دو دن میں مکمل ہوجائے گا گروپ I امتحان کے ہال ٹکٹس 3 یا 4 جون کو دستیاب ہوجائیں گے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن او ایم آر طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے پریلمنری امتحان کا انعقاد کرے گا ۔ کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اب سے امتحانات میں قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کو آئندہ کسی بھی امتحان میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے امتحانی پرچوں کے افشاء میں ملوث ہونے والے 50 امیدواروں کو ہمیشہ کے لیے امتحان میں شریک ہونے کے حق سے محروم کردیا ہے ۔۔ ن