نعرے بازی کرنے پر کریمنل مقدمات ، 15 منٹ قبل امتحانی مراکز کے گیٹس بند کردئیے جائیں گے
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ I کے پریلمینری امتحان کے انعقاد میں مزید سخت قوانین نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے ایک حصہ کے طور پر یہ واضح کیا گیا ہے کہ امیدواروں کو امتحانی مراکز میں جوتے پہن کر آنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ انہیں چپل پہن کر آنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ گروپ I کی 503 جائیدادوں پر تقررات کے لیے 11 جون کو پریلیمنری امتحان کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال 16 اکٹوبر کو اس امتحان کا انعقاد کیا گیا ۔ پیپر افشا ہونے اس امتحان کو منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ امتحان کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ جس کے پیش نظر گروپ I پریلیمنری امتحان کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کئے جارہے ہیں ۔ او ایم آر شیٹ کی بنیاد پر امتحان کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ 11 جون کو صبح 10-30 بجے سے دوپہر ایک بجے تک امتحان منعقد ہوگا۔ امتحان کے آغاز ہونے سے دو گھنٹے قبل یعنی 8-30 بجے سے امیدواروں کو امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی ۔ امتحان کے آغاز سے 15 منٹ قبل امتحانی مراکز کے گیٹس بند کردئیے جائیں گے ۔ اس کے بعد پہونچنے والے امیدواروں کو امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ امیدواروں کو اپنے ساتھ پنسل ، انک پین ، جیلپین لے جانے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ صرف بلو ، بلاک بال پوائنٹ پین لے جانے کی اجازت رہے گی ۔ امتحانی مراکز میں کسی قسم کے نعرے بازی پر امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ دوسروں سے بات کرنے یا قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر کریمنل مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ امتحانی مراکز میں داخل ہونے والے امیدواروں کی دو مرحلوں میں تنقیح کی جائے گی ۔ طلبہ کو مشورے دینے کیلئے 33 ہیلپ لائن سنٹرس کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ امتحانی عمل کا حصہ رہنے والے عملہ پر بھی کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے ۔ ہر امتحانی سنٹر پر پولیس کا سخت بندوبست رہے گا ۔۔ ن