حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ I جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے 6 اکتوبر کو پریلیمس امتحان منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ منگل کو ٹی ایس پی ایس سی کے گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف امور کا جائزہ لینے کے بعد پریلیمس امتحان کی تاریخ کو قطعیت دی گئی ۔ 6 اکتوبر کو گروپ I کا ابتدائی ٹسٹ کا انعقاد کیا جائے گا ، ساتھ ہی جنوری یا فروری میں مینس امتحان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے بتایا کہ پہلے جولائی یا اگست میں پریلیمس امتحان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم امیدواروں کی اپیل پر ہمدردانہ غور کرنے کے بعد اکتوبر میں پریلیمس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ریاست کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر امتحان کا انعقاد کیا جائے گا ۔ امتحانی مراکز کی تفصیلات اور ہال ٹکٹ کو مقررہ وقت پر کمیشن کی ویب سائیٹ www.tspc.gov.in پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گروپ I کی 503 جائیدادوں کیلئے اپریل میں نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کیلئے 3,80,202 درخواستیں وصول ہوئیں۔ن