گروپ I کی 563 جائیدادوں پر تقررات درست ‘ سپریم کورٹ

   

ہائی کورٹ کے فیصلہ میں مداخلت سے انکار، امیدواروں کی درخواست مسترد
حیدرآباد ۔3 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گروپ I کی 563 جائیدادوں پر تقرر کے سلسلہ میں حکومت کو اس وقت بڑی راحت ملی جب سپریم کورٹ نے تقررات کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے تقررات کو درست قرار دیا۔ سپریم کورٹ نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کو برقرار رکھا جس میں گروپ I تقررات کو نقائص سے پاک قرار دیا گیا۔ گروپ I کے بعض امیدواروں نے بے قاعدگیوں کی شکایت کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے واضح کیا کہ وہ ہائی کورٹ کے احکامات میں مداخلت نہیں کریں گے ۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ درخواست گزاروں نے دھاندلیوں کے بارے میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا ، لہذا تقررات کے عمل میں سپریم کورٹ مداخلت نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ 6 فروری کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے گروپ I کی 563 جائیدادوں پر تقررات کی اجازت دی تھی جس کے بعد حکومت نے احکامات تقرر جاری کئے اور امیدواروں کو پوسٹنگ دی گئی۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی جس میں تقررات کے طریقہ کار پر اعتراض کیا گیا ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ گروپ I کے تحت 563 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے گئے اور سپریم کورٹ کی منظوری کے بعد تقرر کردہ امیدواروں اور حکومت کو بڑی راحت ملی ہے۔1