ڈیویژن بنچ نے سنگل جج کے احکامات کو معطل کردیا
حیدرآباد 27 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے گروپ II ، 2015ء کے منتخب امیدواروں کو بڑی راحت دیتے ہوئے تقررات کو کالعدم کرنے سے متعلق سنگل جج کے احکامات کو معطل کردیا۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے سنگل جج کے احکامات کے خلاف اپیل دائر کی جس پر ڈیویژن بنچ سے راحت ملی ہے۔ سنگل جج نے اپنے فیصلہ میں گروپ II، 2015-16ء کے تقررات میں بے قاعدگیوں کی شکایت پر تقررات کو کالعدم کرتے ہوئے آئندہ 8 ہفتوں میں امتحانی پرچہ جات کی دوبارہ جانچ اور نتائج کے اعلان کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ 2015-16ء گروپ II امتحانات کی سلیکشن لسٹ اکٹوبر 2019ء میں جاری کی گئی اور منتخب امیدواروں کو مختلف محکمہ جات میں ملازمت فراہم کی گئی۔ سنگل جج کے احکامات کو معطل کرتے ہوئے ڈیویژن بنچ نے عبوری احکامات جاری کئے۔ پبلک سرویس کمیشن نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیاکہ امتحانات کے انعقاد اور اکٹوبر 2019ء کو نتائج کے اعلان میں کوئی خامیاں نہیں ہیں۔ ہائیکورٹ کے آج کے فیصلہ سے 2019ء میں منتخب کئے گئے گروپ II امیدواروں کو بڑی راحت ملی ہے۔ سنگل جج کے فیصلہ کے بعد اُن کی ملازمتوں کو خطرہ لاحق ہوچکا تھا۔ ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت 6 ہفتوں بعد مقرر کی ہے۔ جسٹس این بھیما پاکا نے تقرر کے خلاف 18 نومبر کو احکامات جاری کئے تھے۔ پبلک سرویس کمیشن نے ماہرین قانون سے مشاورت کے بعد ڈیویژن بنچ پر اپیل دائر کی۔1