گروپ II امتحانات آج اور کل منعقد کئے جائیں گے : بی وینکٹیشم

   

تمام انتظامات مکمل، 783 جائیدادوں کیلئے 5,51,943 امیدوار، 1368 مراکز کا قیام
حیدرآباد ۔ 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن بی وینکٹیشم نے بتایا کہ اتوار اور پیر کو منعقد ہونے والے گروپ II امتحانات کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 دن سے امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ امتحانات سی سی کیمروں کی نگرانی میں انعقاد کئے جائیں گے۔ انہوں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ مکمل بھروسہ کے ساتھ امتحان تحریر کریں۔ ریاست میں 783 گروپ II جائیدادوں پر تقررات کیلئے 15 اور 16 ڈسمبر کو امتحانات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ امتحانات کے انعقاد کیلئے ریاست بھر میں 1368 مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے 29 ڈسمبر 2022ء کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ 5,51,943 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی۔ امتحانات کے انعقاد کیلئے ماضی میں کئی مرتبہ انتظامات کئے گئے تھے۔ تاہم مختلف تکنیکی وجوہات کے باعث امتحانات کو ملتوی کیا گیا۔ اپک پیپر 150 مارکس پر مشتمل ہے۔ چار امتحانات کیلئے 600 مارکس رہیں گے۔ امتحانات صبح 10 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ، دوپہر 3 بجے سے شام 5:30 بجے تک دوسرے سیشن کا امتحان ہوگا۔ امتحان آغاز کے آدھا گھنٹہ قبل امتحانی مراکز کے گیٹس بند کردیئے جائیں گے۔ ہال ٹکٹس کے ساتھ امیدواروں کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ ساتھ رکھنا چاہئے۔ امتحانات تحریر کرنے والے امیدوار منگل سوتر، چوڑیاں اور جوتے نہ پہنیں۔ تمام امیدواروں کیلئے بائیومیٹرک لازمی ہے۔ بصورت دیگر او ایم آر پرچوں کے مارکس نہیں دیئے جائیں گے۔2