حکومت کا فیصلہ ‘ طلبا کو راحت پبلک سروس کمیشن نے تازہ اعلامیہ جاری کردیا
حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سروس کمیشن نے گروپ II امتحانات کو جو کہ 7اور8 اگسٹ کو منعقد ہونے والے تھے ملتوی کرکے ماہ ڈسمبر میں منعقد کرنے کا اعلامیہ جاری کیا ۔ قبل ازیں حکومت کے ذمہ داروں نے گروپ IIامیدواروں سے مذاکرات کے بعد امتحانات کو ملتوی کرنے کاتیقن دیا تھا۔حکومت کی جانب سے امیدواروں کی خواہش کے مطابق اگسٹ میں منعقد ہونے والے گروپII امتحانات کو ڈسمبر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کرکے امیدواروں کو راحت فراہم کی گئی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی و ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے گروپ II امیدواروں سے بات چیت کے بعد فیصلہ سے واقف کروایا اور کہا کہ حکومت سے طلبہ اور امیدواروں کی سہولت کی خاطر ان کی مرضی کے مطابق امتحانات کو اگسٹ کے بجائے ڈسمبر میں منعقد کرنے کا تیقن دیا تھا۔ ڈی ایس سی اور گروپ II امتحانات قریب ہونے کے سبب امتحان کی تیاریوں میں دشواریوں پر طلبہ نے تشویش کا اظہار کیا تھا اور ان امتحانات کو ملتوی کرنے حکومت سے مطالبہ کیا تھا ۔ حکومت نے نمائندگیوں کے بعد امیدواروں سے مذاکرات کے ذریعہ فیصلہ کیا کہ گروپ II امتحانات ماہ ڈسمبر میں منعقد کئے جائیں گے۔ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے آج دن میں گروپ II امتحانات امیدواروں سے ملاقات کرکے ان سے بات کی اور ان کے مسائل سے آگہی حاصل کرکے تیقن دیاتھا کہ حکومت ان کے مطالبات پر غور کرے گی اور ماہ اگسٹ میں منعقد ہونے والے گروپ II امتحانات کو ملتوی کرکے ڈسمبر میں منعقد کئے جائیں گے۔ تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے سیکریٹری ڈاکٹر ای نیکولس نے حکومت کے ان مذاکرات اور نمائندگیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اعلامیہ جاری کردیا اور کہا کہ ماہ ڈسمبر میں ان امتحانات کا انعقاد عمل میں آئیگا۔ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک اور امیدواروں کی بات چیت میں رکن پارلیمنٹ مسٹر ملو روی و دیگر موجود تھے ۔3