چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی مداخلت پر پبلک سرویس کمیشن کا فیصلہ، گروپ II امیدواروں کی جدوجہد کامیاب
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ II امتحانات کے التواء کیلئے امیدواروں کی جانب سے شروع کی گئی جدوجہد آخر کار کامیاب ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مداخلت کے بعد گروپ II امتحانات کو نومبر تک ملتوی کردیا گیا۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے سکریٹری کے مطابق یہ امتحانات اب 2 اور 3 نومبر کو صبح 10 تا 12:30 بجے دن اور 2:30 بجے تا شام 5 بجے منعقد ہوں گے ۔ امیدوار اپنے ہال ٹکٹس ویب سائیٹ https://www.tspsc.gov.in سے امتحانات کی تاریخ سے ایک ہفتہ قبل ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ ہزاروں امیدواروں نے پبلک سرویس کمیشن کے دفتر کا گھیراؤ کیا تھا اور اس سلسلہ میں ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی گئی۔ کمیشن نے اگرچہ امتحانات کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں لیکن ہائی کورٹ نے کل 14 اگسٹ تک امتحانات کے بارے میں فیصلہ سے واقف کرانے کی ہدایت دی تھی۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری شانتی کماری کو ہدایت دی تھی کہ وہ پبلک سرویس کمیشن سے مشاورت کے ذریعہ گروپ II امتحانات کو ری شیڈول کریں تاکہ لاکھوں امیدواروں کو راحت ملے۔ دیگر امتحانات میں شرکت کا امیدواروں کو نہ صرف موقع ملے گا بلکہ گروپ II کی تیاری کیلئے وقت مل سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اقامتی اسکولوں کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے امتحانات جاری ہیں لہذا امیدواروں نے گروپ II امتحانات ملتوی کرنے مطالبہ کیا۔ اسمبلی اجلاس میں برسراقتدار اور اپوزیشن ارکان نے حکومت کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے امتحانات ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی۔ عوامی نمائندوں اور امیدواروں کے مطالبہ پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر نے تاریخ میں تبدیلی کی ہدایت دی۔ صدرنشین پبلک سرویس کمیشن جناردھن ریڈی سے چیف سکریٹری شانتی کماری نے ملاقات کی اور امتحانات کو نومبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ گروپ II کے تحت 18 محکمہ جات کی 783 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ جملہ 551943 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ امتحانات کی تاریخ 29 اور 30 اگسٹ طئے کی گئی تھی لیکن اب یہ امتحان نومبر میں ہوگا ۔ بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیت کے اقامتی اسکولوں میں ٹی جی ٹی، پی جی ٹی جونیر لیکچررس، ڈی ایل، لائبریرین، فزیکل ڈائرکٹر اور دیگر 9210 جائیدادوں کو پُر کرنے کیلئے اقامتی اسکول سوسائٹی ریکروٹمنٹ بورڈ نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ ان جائیدادوں کیلئے 263045 سے زائد امیدواروں نے درخواستیں داخل کی۔ جاریہ ماہ کی پہلی تاریخ سے امتحانات کا آغاز ہوا جو 23 اگسٹ تک جاری رہیں گے۔ دونوں امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں نے گروپII امتحان کی منسوخی کا مطالبہ کیا تاکہ انہیں گروپ II کی تیاری کیلئے مناسب وقت مل سکے۔