گروپ II امتحانات ملتوی کرنے ہزاروں امیدواروں کا احتجاج

   

Ferty9 Clinic

پبلک سرویس کمیشن کے دفتر کا گھیراؤ ، صورتحال کشیدہ ، قائدین اور امیدواروں کی گرفتاری
حیدرآباد 10 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کا ہزاروں امیدواروں نے آج اچانک گھیراؤ کرکے گروپ II امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام ، این ایس یو آئی صدر بی وینکٹ اور طلبہ تنظیموں کے دیگر قائدین نے احتجاج کی قیادت کی ۔ اچانک احتجاج سے ٹریفک میں خلل پڑا اور پولیس کو ٹریفک بحال کرنے دشواری پیش آئی ۔ احتجاجیوں کو منتشر کرنے قائدین کو حراست میں لے کر گوشہ محل اسٹیڈیم منتقل کردیا گیا ۔ گوشہ محل اسٹیڈیم میں احتجاجیوں نے پولیس کے خلاف نعرے لگائے اور رہائی کا مطالبہ کیا۔ وقفہ وقفہ سے امیدوار کمیشن کے دفتر کے روبرو احتجاج کیلئے جمع ہوتے رہے۔ احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ کمیشن کو امتحانات میں شفافیت کیلئے امتحان ملتوی کرنا چاہئے ۔ حکومت سے مداخلت کی اپیل کی گئی۔ احتجاج سے علاقہ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ ڈی سی پی سنٹرل زون وینکٹیشورلو نے امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ منتشر ہوجائیں، ورنہ انہیں گرفتار کیا جائیگا۔ پولیس نے صبح پہنچنے والے احتجاجیوں کو احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا ۔ باوجود اس کے کئی ہزار امیدوار اچانک پہنچ گئے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے پرامن احتجاجیوں کی گرفتاری کی مذمت کی ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ آئندہ دو دنوں میں فیصلہ نہیں کیا گیا تو احتجاج میں شدت پیدا کی جائیگی ۔ وزیر کے ٹی آر نے گروپ II امتحانات ملتوی کرنے کا تیقن دیا تھا۔ اسی دوران گروپ II امتحانات ملتوی کرنے عدالت میں درخواست دائر کی گئی ۔ 29 اور 30 اگست کو گروپ II امتحانات منعقد ہوں گے اور 150 امیدواروں نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ کانگریس قائدین نے کمیشن کے سکریٹری انیتا رام چندرن کو یادداشت پیش کرکے امتحانات کے التواء کا مطالبہ کیا۔ کودنڈا رام نے کہا کہ امیدواروں کو امتحانات کی تیاری کیلئے مناسب وقت دیا جانا چاہئے ۔ امید ہے کہ ہائیکورٹ اس مسئلہ پر اہم فیصلہ سنائے گا۔