2016 کے پرچہ جات کی جانچ میں پبلک سرویس کمیشن کو دشواریوں کا سامنا
حیدرآباد ۔ 26۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے ہائی کورٹ کی جانب سے گروپ II 2019 کے تحت امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں پرچہ جات کی دوبارہ جانچ کی ہدایت پر قانونی رائے حاصل کی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے گروپ II کے منتخب امیدواروں کے سلیکشن طریقہ کار کا از سر نو جائزہ لینے کیلئے پبلک سرویس کمیشن کو 8 ہفتوں کی مہلت دی ہے۔ پبلک سرویس کمیشن نے ہائی کورٹ کے احکامات پر ڈیویژن بنچ سے اپیل کا جائزہ لیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کمیشن نے اس سلسلہ میں قانونی ماہرین سے رائے طلب کی ہے ۔ 2019 گروپ II امتحانات میں او ایم آر آنسر شیٹ میں مبینہ طور پر تبدیلی کے الزامات پر کمیشن کو دوبارہ جانچ کی ہدایت دی گئی۔ کمیشن کو ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل آوری میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ 2019 کے جوابی پرچہ جات کی جانچ میں اس لئے بھی دشواری ہوسکتی ہے کیونکہ جوابی پرچہ جات دس سال قدیم ہیں کیونکہ 2016 میں امتحانات منعقد کئے گئے تھے اور نتیجہ کا اعلان 2019 میں کیا گیا۔ کمیشن کا ماننا ہے کہ اگر پرچہ جات کی دوبارہ جانچ کا آغاز کیا جائے تب بھی 8 ہفتہ میں ممکن نہیں ہے ۔ حکام 2016 کے جوابی پرچہ جات کی حالت کے بارے میں بھی لاعلم ہیں۔ کمیشن نے 1032 گروپ II جائیدادوں کے لئے 2015 میں نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ نومبر 2016 میں امتحانات منعقد کئے گئے جبکہ نتیجہ کا اعلان 2019 میں ہوا۔ سلیکشن سے محروم تقریباً 55 امیدواروں نے طریقہ کار میں خامیوں کی شکایت کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد ڈیویژن بنچ پر اپیل کرسکتا ہے۔1
