گروپ II امتحانی نتائج جاری کرنے کی تیاریاں آخری مرحلہ میں

   

تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے گروپ III کے نتائج کی اجرائی پر بھی غور
حیدرآباد۔ 20 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے گروپ II جائیدادوں کے قطعی نتائج جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ اس معاملہ میں امیدواروں کے اسنادات کی جانچ مکمل ہوچکی ہے۔ اہل امیدواروں کا انتخاب کرنے کے لئے آپشن بھی دیا گیا ہے اور ساتھ ہی قطعی فہرست تیار کی جارہی ہے۔ کمیشن کی جانب سے 3 ماہ قبل ہی نتائج جاری کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا تاہم گروپ I کے تقررات کے سبب اس میں تاخیر ہوئی ہے۔ گروپ II کے تحت 783 جائیدادوں کے لئے 2002 میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ 5,51,855 امیدواروں نے درخواستیں داحل کی تھیں۔ 2024 ڈسمبر میں تحریری امتحان کا انعقاد کیا گیا جس میں 2,49,964 امیدواروں نے شرکت کی۔ او ایم آر شیٹس میں غلطیاں، ببلنگ صحیح نہیں کرنے کے علاوہ دیگر وجوہات کی بنا کمیشن نے 13,315 امیدواروں کو نااہل قرار دیا تھا۔ ماباقی 2,36,649 امیدواروں کے رینک کو جنرل رینک کی فہرست میں شامل کیا تھا جس کا جاریہ سال 11 مارچ کو اعلان کیا گیا۔ 1:1 کی تناسب سے امیدواروں کا انتخاب کرتے ہوئے 3 مرتبہ ان کے سرٹیفکیٹس کی جان کی گئی جس کے بعد قطعی فہرست جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ گروپ III کے تحت 1,388 جائیدادوں پر تقررات کے لئے نومبر 2024 میں تحریری امتحانات کا انعقاد کیا گیا جس میں 2,67,981 امیدواروں کی شرکت کی۔ تکنیکی وجوہات کی بنا کمیشن نے 18,364 امیدواروں کو نااہل قرار دیا۔ ماباقی 2,49,557 امیدواروں پر مشتمل جی آر ایل 14 مارچ کو جاری کیا گیا۔ میرٹ فہرست میں شامل امیدواروں کے جون میں سرٹیفکیٹس کی جانچ کرنے کا اعلان کیا لیکن امیدواروں کی جانب سے وصول ہونے والی اپیل پر اس کو ملتوی کردیا گیا۔ گروپ II کے قطعی نتائج کی اجرائی کے بعد گروپ III کے لئے منتخب ہونے والے امیدواروں کے سرٹیفکیٹس کے جانچ کا عمل شروع کیا جائے گا۔ 2