گروپ II مسابقتی امتحانات پر حکم التواء سے تلنگانہ ہائی کورٹ کا انکار

   

ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ امتحانات سے ٹکراؤ کی شکایت، پبلک سرویس کمیشن اور ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ کو نوٹس کی اجرائی

حیدرآباد۔/10 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے گروپ II مسابقتی امتحانات پر حکم التواء کیلئے دائر کی گئی درخواستوں کو قبول نہیں کیا۔ جسٹس پی کارتک نے 23 امیدواروں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے 15 اور 16 ڈسمبر کو گروپ II امتحانات کے انعقاد کو ہری جھنڈی دکھائی۔ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے امیدواروں نے شکایت کی ہے کہ گروپ II امتحانات کی تاریخ ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ کے امتحان سے ٹکرا رہی ہے جو 16 تا 18 ڈسمبر منعقد ہوگا۔ درخواست گذاروں نے کہا کہ ایسے امیدوار جو دونوں امتحانات میں شرکت کرنا چاہتے ہیں انہیں راحت دینے کیلئے گروپ II امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی کی جائے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے اسٹینڈنگ کونسل نے بتایا کہ5.51 لاکھ امیدواروں نے گروپ II امتحانات کیلئے درخواست دی ہے اور ایک لاکھ سے زائد امیدواروں نے اپنے ہال ٹکٹ ڈاون لوڈ کرلئے ہیں۔ کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ امتحانات کیلئے تیاریاں ہوچکی ہیں۔ چند امیدواروں کی جانب سے امتحانی تاریخ میں تبدیلی کی درخواست سے دیگر امیدواروں کے ساتھ ناانصافی ہوگی جو امتحانات کی تیاری کرچکے ہیں۔ جسٹس پی کارتک نے کہا کہ موجودہ مرحلہ میں امتحانات پر حکم التواء دینا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے سکریٹری تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن، ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ کے سکریٹری اور مرکزی سکریٹری وزارت ریلویز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کو ملتوی کردیا۔ ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے 7951 مختلف جائیدادوں پر تقررات کیلئے امتحانات مقرر ہیں جن میں جونیر انجینئر، ڈپو میٹریل سپرنٹنڈنٹ، کیمیکل اسسٹنٹ اور ریسرچ سپروائزر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ آر جیوتی اور دیگر 22 امیدواروں نے گروپ II امتحانات کے التواء کیلئے درخواست دائر کی ہے۔ پبلک سرویس کمیشن نے 783 جائیدادوں پر تقررات کیلئے 15 اور 16 ڈسمبر کو امتحانات مقرر کئے ہیں۔1