صدر نشین پبلک سرویس کمیشن بی وینکٹیشم اور ارکان نے نتائج جاری کئے
حیدرآباد۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ II کے نتائج آج جاری کردیئے ہیں۔ صدر نشین پبلک سرویس کمیشن بی وینکٹیشم نے کمیشن کے ارکان کے ساتھ آج نتائج جاری کیا۔ 783 گروپ II جائیدادوں کے لئے منتخب 782 امیدواروں کی فہرست جاری کردی گئی اور ایک عہدہ کا نتیجہ زیر التواء رکھا گیا ہے۔ پبلک سرویس کمیشن نے 2022 میں گروپ II نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ ڈسمبر 2024 میں تحریری امتحانات منعقد کئے گئے اور جاریہ سال 11 مارچ کو جنرل رینک جاری کئے گئے۔ کمیشن نے پرچہ جات کی جانچ کی تکمیل کرتے ہوئے قطعی رینک جاری کردیا ہے۔ امیدوار کمیشن ویب سائٹ https://www.tspsc.gov.in پر مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ کمیشن کے صدر نشین بی وینکٹیشم کے مطابق 181 جائیدادوں میں 176 جائیدادوں سے متعلق امیدواروں کی تفصیلات ویب سائٹ پر پیش کردی گئی ہیں۔ کمیشن کے مطابق 29 ڈسمبر 2022 کو 783 جائیدادوں کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ 15 اور 16 ڈسمبر 2024 کو تحریری امتحانات منعقد ہوئے۔ 782 جائیدادوں کے لئے امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا ہے جبکہ ایک جائیداد کے نتیجہ کو روک دیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تقررات کے بعد اگر کمیشن کے علم میں یہ بات آتی ہے کہ امیدوار نے غلط معلومات فراہم کی تھیں تو ان کا تقرر کالعدم کردیا جائے گا اور امیدوار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ گروپ II نتیجہ کی اجرائی کے موقع پر کمیشن کے ارکان ڈاکٹر عامر اللہ خاں، پروفیسر این یادیا، شریمتی کے پاوائی رجنی، سی چندرکانت ریڈی آئی اے ایس، وشواپرساد آئی پی ایس اور پروفیسر لکشمی کانت راتھوڑ موجود تھے۔ 1