چیف منسٹر حوالے کریں گے، 16 محکمہ جات میں تعیناتی، انتظامات کا چیف سکریٹری نے جائزہ لیا
حیدرآباد 14 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 18 اکٹوبر کو تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے گروپ II کے منتخب امیدواروں کو احکامات تقرر حوالے کریں گے۔ چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ کے مطابق 18 اکٹوبر کی شام شلپا کلا ویدیکا میں تقریب منعقد کی جائے گی۔ اُنھوں نے تقریب کے انتظامات کے سلسلہ میں آج سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ گروپ II کے تحت 783 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے جنھیں چیف منسٹر کے ہاتھوں احکامات تقرر حوالے کئے جائیں گے۔ گروپ II کے لئے منتخب امیدواروں کو تقریباً 16 محکمہ جات میں تقررات کئے جارہے ہیں۔ تقریب میں ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ منتخب امیدواروں کے اسنادات کی جانچ کا کام جلد مکمل کریں۔ اِس پروگرام میں منتخب امیدواروں کے علاوہ اُن کے افراد خاندان کو سہ پہر 4 بجے تک شلپا کلا ویدیکا پہونچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ جن محکمہ جات میں گروپ II کے تحت تقررات کئے جارہے ہیں اُن میں جی اے ڈی، ریونیو، کمرشیل ٹیکسیس، اکسائز، پنچایت راج شامل ہیں۔ محکمہ جات ریونیو، ہوم اور جی اے ڈی کے سکریٹریز کو تقریب کے انتظامات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ گروپ II کے منتخب امیدوار آئندہ 30 برسوں تک سرکاری محکمہ جات میں برقرار رہیں گے۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ نئی خدمات پر آنے والے امیدواروں میں بہتر عوامی خدمات کے حق میں شعور بیدار کریں۔ جائزہ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج، اسپیشل چیف سکریٹری بینہر مہیش دت ایکا، سید علی مرتضیٰ رضوی، سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹریز لوکیش کمار، ٹی کے سری دیوی، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن اور اسپیشل کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ پریانک اور دوسروں نے شرکت کی۔1