گروپ IIIکے منتخب 1370 امیدواروں میں احکامات تقرر کی تقسیم

   

دو سال میں 70 ہزار تقررات، تقریب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 16 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 25 سرکاری محکمہ جات میں گروپ III امتحانات سے ملازمت کیلئے منتخب 1370 امیدواروں میں احکامات تقرر حوالے کئے۔ شلپا کلا ویدیکا میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، محمد اظہرالدین اور چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کے علاوہ عوامی نمائندوں اور حکومت کے مشیران نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کے تمام محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ کرکے بیروزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سیاسی پارٹیوں کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں 70 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے گئے اور حکومت نے گروپ I اور دیگر مسابقتی امتحانات کا شفافیت کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا۔ انہوں نے گروپ III کے تحت منتخب امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ سرکاری ملازمت کے بعد ضعیف والدین کو نظر انداز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی ضعیف والدین کو نظر انداز کرے گا ، اس کی تنخواہ سے 10 تا 15 فیصد رقم کی کٹوتی کرکے والدین کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جائیگی ۔ انہوں نے گروپ III عہدیداروں و ملازمین سے اپیل کی کہ حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری میں تعاون کریں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سرکاری ملازمت اور عملی سیاست میں عام طور پر تین مراحل دیکھے جاتے ہیں۔ تقرر کے وقت گرم پھر اس کے بعد نرم اور پھر بے شرم۔ انہوں نے منتخب امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ تقرر سے ریٹائرمنٹ تک گرم رہیں اور حکومت کی اسکیمات میں تعاون کریں ۔ چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے دس برسوں میں تقررات پر توجہ نہیں دی اور نوجوانوں نے 2023 میں بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کردیا ۔ گزشتہ 14 برسوں میں گروپ I امتحانات منعقد نہیں کئے گئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس حکمرانوں کی ترجیحات میں خاندان ، پارٹی اور سیاسی مقصد براری شامل تھے۔ انہوں نے سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعہ مسابقت کے لئے طلبہ کو تیار کیا جارہا ہے ۔