گروپ III امتحانات کا 17 نومبر سے آغاز، چیف سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس

   

ریاست میں 1401 امتحانی مراکز، 5.36 لاکھ امیدوار شرکت کریں گے ، رہنمایانہ خطوط کی اجرائی
حیدرآباد ۔14۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ III امتحانات کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ شیڈول کے مطابق 17 اور 18 نومبر کو ریاست میں گروپ III امتحانات منعقد کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے امیدواروں کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جس کے تحت الیکٹرانک آلات ، گھڑی ، میاتھمیٹیکل ٹیاپ ، لاک بکس ، رائیٹنگ پیاڈ ، وائلیٹ اور دیگر اشیاء لے جانے پر پابندی رہے گی۔ امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ شوز کے بجائے چپل پہن کر امتحانی مراکز پہنچیں۔ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ III امتحانات کیلئے ریاست بھر میں 1401 امتحانی مراکز قائم کئے ہیں۔ کمیشن نے گروپ III کے تحت 1375 جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے۔ امتحانات دو سیشن میں منعقد ہوں گے۔ پہلا سیشن صبح 10 تا دوپہر 12.30 بجے اور دوسرا سیشن سہ پہر 3 بجے تا شام 5.30 بجے رہے گا ۔ امیدوار مارننگ سیشن کیلئے 8.30 بجے اور ایوننگ سیشن کیلئے 1.30 بجے تک امتحانی مرکز پہنچ جائیں۔ صبح 9.30 اور دوپہر 2.30 بجے کے بعد امیدواروں کو امتحانی مراکز میں داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ امیدوار اپنے ہال ٹکٹس کمیشن کے ویب سائیٹ سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ ہال ٹکٹ دونوں دن کے امتحانات کیلئے کارآمد رہے گا۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تقررات کا عمل مکمل ہونے تک ہال ٹکٹ اور امتحانی پرچہ جات محفوظ رکھیں۔ اسی دوران چیف سکریٹری شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ساتھ ویڈیو کانگریس میں گروپ III امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ امتحانات میں 5.36 لاکھ امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر امتحانات کے انعقاد کیلئے ضلع نظم و نسق اور پولیس کو انتظامات کی ہدایت دی۔ امتحانی مراکز پر پولیس کے خصوصی دستے تعینات کئے جائیں۔ کلکٹر اور ایس پی شخصی طور پر انتظامات کی نگرانی کریں ۔ کمیشن کے صدرنشین مہیندر ریڈی نے تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ ضلع کلکٹرس کی اہم ذمہ داری رہے گی کہ وہ کسی بھی بے قاعدگی کو روکیں۔ چیف سکریٹری نے امتحانات کے اختتام تک چوکسی کا مشورہ دیا۔ ویڈیو کانفرنس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر ، پرنسپل سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ 1