گروکل اسکول، سدی پیٹ کے 70 طلبہ جلدی امراض سے متاثر

   

چہروں پر سرخ چٹے کے نشانات کی وجہ تشویشناک حالت، مختلف گوشوں سے عہدیداروں پر تنقید

حیدرآباد ۔ 26 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ضلع سدی پیٹ میں مہاتما جیوتی باپھولے بوائز گروکل اسکول میں 70 طلبہ جلدی مسائل سے دوچار ہوگئے اور ان طلبہ کے چہروں پر ’’سرخ چٹے‘‘ آجانے کی وجہ سے طلبہ میں کافی تشویشناک حالت پائی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 70 طلبہ کے جلدی مسائل سے دوچار ہونے کے باوجود و متعلقہ عہدیدار ان مسائل پر توجہ نہ دیئے جانے کے نتیجہ میں مختلف گوشوں سے ذ مہ دار عہدیداروں کے رویہ پر تنقیدیں کی جارہی ہیں جبکہ بتایا جاتا ہے کہ بعض زہریلے کیڑوں کے کاٹنے کی وجہ سے طلبہ کی صورتحال تشویشناک ہونے کا ڈاکٹروں کی جانب سے شک و شبہ کا اظہار کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ نارائنا راؤ پیٹ جیوتی باپھولے گروکل بوائز اسکول کیلئے عمارت تعمیر کئے جانے کے پیش نظر اسکول کو عارضی طور پر سدی پیٹ کے مضافاتی علاقہ ویلنکی کے کالج احاطہ میں منتقل کیا گیا ۔ اس اسکول میں پانچویں تا نویں جماعت تک جملہ 327 طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہوئے ہاسٹل میں مقیم ہیں اور اسکول میں اوپری منزل میں ڈارمیٹری ہال میں طلبہ کو سونے کیلئے انتظامات کئے گئے لیکن گزشتہ چند دنوں کے دوران طلبہ کے چہروں پر ’’سرخ چٹے‘‘ پائے جارہے ہیں اور گزشتہ دن زائد از 70 طلبہ جلدی مسائل سے دوچار ہوئے جس کے پیش نظر بعض طلبہ کے والدین نے اپنے بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل سے رجوع کر کے طبی امداد فراہم کئے ۔ اس کے با وجود طلبہ کے چہروں سے ’’سرخ چٹے‘‘ کم نہیں ہوئے ۔ اسی دوران پرنسپال اسکول مسٹر محبوب علی نے بتایا کہ طلبہ کے چہروں پر ’’سرخ چٹے‘‘ آنے پر ڈاکٹروں کو بتایا گیا اور طلبہ ڈارمیٹری روم کی کھڑکیوں میں پائے جانے والی جالیوں کو نکال دینے کی وجہ سے کیڑے کمروں میں داخل ہورہے ہیں۔ لہذا مکمل طور پر ڈارمیٹری رومس میں جالیاں لگانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔