کم وزن کے انڈے کم قیمت پر حاصل کرکے سپلائی کرنے کا اسکام : سرکاری ہدایات نظرانداز
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : انڈے کا وزن 45 تا 52 گرام ہونا چاہئے ۔ آنگن واڑی و ہاسٹلس میں پہنچنے والے انڈو کا وزن 30 تا 40 گرام تک ہے ۔ کم قیمتوں پر خریداری کی جارہی ہے ۔ مہینہ میں تین بار منتقل کیا جانا چاہئے جب کہ ٹھیکیدار ایک یا دو مرتبہ ہی منتقل کررہے ہیں ۔ کئی دنوں تک ذخیرہ کرنے سے انڈے سڑ جاتے ہیں ۔ ٹھیکیدار آنگن واڑی مراکز ، گروکل اور ہاسٹلس کے طلباء کو دئے جانے والے انڈوں میں بددیانتی دکھا رہے ہیں ۔ وہ قواعد کے خلاف کم وزن انڈے فراہم کر کے دھوکہ دے رہے ہیں ۔ حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق آنگن واڑی مراکز اور ہاسٹلوں کو انڈے کا وزن 45 تا 52 گرام ہونا چاہئے لیکن انڈوں کا وزن 30 تا 40 گرام تک ہی فراہم کیا جارہا ہے ۔ ٹھیکیدار ہر ماہ 5.38 کروڑ انڈے سپلائی کررہے ہیں ۔ ماضی کے برعکس اس بار ٹنڈرس ضلع پرچیز کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد کئے گئے ۔ ہر ضلع میں ایک ٹھیکیدار تمام سرکاری اداروں کو انڈے فراہم کررہا ہے ۔ حکومت 5-50 تا 6-30 روپئے فی انڈہ ادا کررہی ہے ۔ ٹھیکیدار چھوٹے سائز کے انڈوں کو جن کی مارکٹ میں زیادہ مانگ نہیں ہے کم قیمت پر جمع کررہے ہیں اور انہیں گروکل ، آنگن واڑی اور ہاسٹلس میں روانہ کررہے ہیں ۔ حکومت سے جی او نمبر 16 میں قطعی رہنما خطوط جاری کرنے کے باوجود حکام ایسا کام کررہے ہیں اور بے قاعدگیوں کو روکا نہیں جارہا ہے ۔ متعلقہ مراکز کو مہینے میں تین مرتبہ ہر دس دن میں ایک مرتبہ فراہم کرنا چاہئے لیکن اسے صرف دو مرتبہ فراہم کر کے نقل و حمل کے اخراجات کو بچایا جارہا ہے ۔ زیادہ دنوں تک ذخیرہ کرنے سے انڈے خراب بھی ہورہے ہیں ۔ خواتین اور بچوں کی بہبود کی کمشنر شروتی اوجھا نے کہا کہ چھوٹے سائز کے اور خراب انڈے فراہم کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ تمام مقامات کا معائنہ کرکے عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہے ۔۔ ش