حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : سابق ریاستی وزیر اور سینئیر بی آر ایس قائد ٹی ہریش راؤ نے کانگریس حکومت کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت ، گروکل اسکولس کی حالت کو خراب کررہی ہے ۔ خانگی عمارتوں میں کام کرنے والے گروکلس کے کرایہ بقایہ جات اور کنٹراکٹرس کے زیر التواء بقایہ جات فوری جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضروری اشیاء جیسے غذا اور یونیفارمس کی سپلائی بقایہ جات کی عدم ادائیگی کے باعث روک دی جارہی ہے ۔ ایک بیان میں ہریش راؤ نے کہا کہ گروکل اسکولس ، جو کبھی بی آر ایس کے دور حکومت میں ملک کے لیے ایک مثالی نمونہ ہوا کرتے تھے اب کانگریس حکومت میں ابتری کا شکار ہوگئے ہیں ۔ اس سال جنوری سے زیر التواء بلز کی عدم ادائیگی کے باعث ان اسکولس میں انڈوں ، میٹ اور کیلوں کی سربراہی روک دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹراکٹرس پہلے ہی یہ انتباہ دے چکے ہیں کہ یکم جولائی سے تمام غذائی اشیاء کی سربراہی کو بلز ادا کرنے تک روک دیا جائے گا ۔۔